عشرہ فجر کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کی حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری
رہبر انقلاب اسلامی نے عشرہ فجر کی آمد کے موقع پر حضرت امام خمینی (رہ) کے حرم مطہر میں انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عشرہ فجر اور اسلامی انقلاب کی تینتالیس ویں سالگرہ کی آمد کے موقع پر بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی، وہاں نماز ادا کی، قرآن مجید کی تلاوت کی اوران کے بے مثال اور تاریخی کارناموں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کی صبح بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے مزار کے علاوہ شہدائے انقلاب کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں آپ آیت اللہ بہشتی، شہید محمد علی رجائی اور شہید جواد باہنر اور دیگر شہدائے انقلاب کی قبروں پر گئے اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
ایران کے اسلامی انقلاب کی قابل فخر کامیابی کی تینتالیسویں سالگرہ کی دس روزہ تقریبات "عشرہ فجر" کا آغاز کل یکم فروری بروز منگل سے ہو گا۔
تینتالیس سال قبل یکم فروری کو اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی (رح) پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعد ایران واپس تشریف لائے اور قوم نے آپ کا فقید المثال استقبال کیا۔ امام خمینی (رح) کی وطن واپسی کے محض دس روز بعد ایران کا عظیم اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
اسی مناسبت سےایران میں ہرسال ان ایام میں "عشرہ فجر" کے نام سے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی دس روزہ تقریبات کا پرزور اہتمام کیا جاتا ہے۔
اس درمیان عشرۂ فجر کی انتظامی کمیٹی کے چیرمین سید نظام الدین موسوی نے کہا ہے کہ عشرہ فجر کی تقریبات کورونا پروٹوکول کی پاسداری کرتے ہوئے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائیں گی۔ انھوں نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس سال عشرۂ فجر کی قومی تقریبات منگل کے روز اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی (رح) کے حرم مطہر میں صبح نو بجے شروع ہوں گی اور تقریبات کا سلسلہ گیارہ فروری تک جاری رہے گا۔
عشرۂ فجر کی انتظامی کمیٹی کے چیرمین سید نظام الدین موسوی نے کہا کہ اس سال جشن انقلاب کا عنوان امید و وحدت رہے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ منگل کی صبح تہران کے مہرآباد ایئر پورٹ سے بہشت زہرا کے راستے میں موٹر سائیکل سواروں کی ریلی نکالی جائے گی اور اس راستے پر پھول نچھاور کئے جائیں گے۔
سید نظام الدین موسوی نے کہا کہ پورے ایران کے اسکولوں میں جشن انقلاب کی گھنٹی بجائی جائے گی اور اسکولی بچوں کی جانب سے جشن کے مختلف پروگرام پیش کئے جائیں گے۔