Feb ۰۶, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • ویانا مذاکرات میں مثبت تبدیلیاں ضرور ہیں، مگر مطالبات پورے نہیں ہو رہے: وزیر خارجہ ایران

ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ویانا مذاکرات میں کچھ مثبت تبدیلیاں تو نظر آ رہی ہیں، لیکن اس سے ہمارے مطالبات پورے نہیں ہو رہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے یوروپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل سے گفتگو میں کہا ہے کہ سابقہ گفتگو کے وقت سے مذاکرات میں کچھ مثبت تبدیلیاں نظر آ رہی ہیں، لیکن اس سے ہمارے مطالبات پورے نہیں ہو رہے ہیں۔ 
جوزف بورل نے حسین امیر عبد اللھیان سے ٹیلیفونی گفتگو کی جس میں ویانا میں جاری مذاکرات پر تبادلۂ خیال ہوا۔ 
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس وقت مذاکرات اہم مرحلہ میں ہیں کہا: اس بات کی توقع ہے کہ سبھی فریق واضح ایجنڈے اور مفاہمت تک پہونچنے کے مقصد سے ویانا آئیں اور سیاسی فیصلہ لینے کے لئے تیار رہیں۔ 
ایران کے وزیر خارجہ نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں ویانا مذاکرات کو ہماہنگ کرنے میں جوزف بورل، انریک مورا اور یوروپی یونین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا: سابقہ گفتگو کے وقت سے مذاکرات میں کچھ مثبت تبدیلیاں نظر آ رہی ہیں لیکن اس سے ہمارے مطالبات پورے نہیں ہو رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ ہم قطعی طور پر ایک اچھا معاہدہ چاہتے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ قومی مفادات کی حفاظت ہماری ریڈ لائن ہے۔ 
حسین امیر عبد اللھیان نے اس گفتگو میں کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ جوہری معاہدے جے سی پی او اے سے گزشتہ برسوں کے دوران ایران کے اقتصادی مفادات حاصل نہیں ہوئے، ہم صرف اس صورت میں ایک اچھے معاہدے تک پہونچ سکتے ہیں کہ ہمارے اقتصادی مفادات پایدار طور پر پورے ہوں اور ظالمانہ پابندیوں کا خاتمہ کر دیا جائے۔

ٹیگس