Feb ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۷:۱۳ Asia/Tehran
  •  موجودہ امریکی صدر امریکی عزت آبرو خاک میں ملانے کی مہم میں ٹرمپ کے اتحادی

رہبر انقلاب اسلامی نے موجودہ امریکی صدر کو امریکی عزت آبرو خاک میں ملانے کی مہم میں ٹرمپ کا اتحادی قرار دیا ہے۔

ایرانی فضائیہ کے کمانڈروں اور کارکنوں نے منگل کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ سے وفاداری کے تاریخی اعلان کی سالگرہ کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ کی خدمت میں حاضری دی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں فرمایا کہ آج امریکا کا موجودہ صدر بھی اپنے ملک کی بچی کھچی آبرو خاک میں ملانے کی مہم میں اپنے پیشرو سے متحد ہوچکا ہے۔
آپ نے فرمایا کہ امریکیوں کے اندازے آج بھی غلط ثابت ہوئے اور ان پر اس جگہ سے کاری ضرب لگ رہی ہے جس کا اس سے قبل انھوں نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔

آپ نے فرمایا کہ آج امریکا پر اس کے موجودہ اور سابق صدر کی طرف سے ضرب لگ رہی ہے جو اپنے ملک کی باقی ماندہ آبرو بھی خاک میں ملانے پر کمربستہ اور باہم متحد ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ مغربی طاقتیں آزادی اظہار کا دعوی کرتی ہیں لیکن ان کی انواع و اقسام کی آمریت میں ابلاغیاتی آمریت بھی شامل ہے ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے سوشل میڈیا پر مغربی طاقتوں کی جانب سے شہید جنرل سلیمانی کا نام اور تصویریں حذف کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہو‏ئے فرمایا کہ جو لفظ اور تصویر بھی مغرب کی پالیسیوں کے منافی ہو اس کی اشاعت پر پابندی لگا دیتے ہیں لیکن اسلام اور اسلامی جمہوریہ ایران کی شبیہ بگاڑنے کے لئے انہی ابلاغیاتی ذرائع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدخواہوں اور دشمنوں کے ارادے کے برعکس ایران کی روز افزوں پیشرفت کو قوم کے اچھے مستقبل کی نوید قرار دیا اور فرمایا کہ ایران نے جس طرح  گزشتہ تینتالیس برس کے دوران پوری قوت سے  پیشرفت کی ہے اور روز بروز مستحکم سے مستحکم تر ہوا ہے آئندہ بھی توفیق الہی سے ، اس کی یہ ترقی  و پیشرفت جاری  رہے  گی اور دشمنوں کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔
آپ نے فرمایا کہ جب آٹھ  فروری انیس سو اناسی کو ایرانی فضائیہ کے کمانڈروں اور افسروں نے حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے ہاتھوں پر بیعت کی تو یہ بیعت کسی فرد کے ہاتھ  پر نہیں تھی بلکہ یہ بیعت اہداف اور امنگوں سے اور اس مقدس جہاد سے بیعت تھی جس کے توانا کمانڈر امام خمینی رحمت اللہ علیہ تھے۔
رہبر انقلاب اسلامی  نے فرمایا  کہ جو بھی ، جس دور میں بھی لشکر حق کی پیروی میں اس کا راستہ اختیار کرے، درحقیقت وہ اس تحریک میں شریک ہے۔

آپ نے فرمایا کہ آج فضائیہ کے کمانڈر اور کارکن بھی ان ہستیوں میں شامل ہیں جو انیس بھمن تیرہ سو ستاون مطابق آٹھ فروری انیس سو اناسی کو انجام پانے والے اس قابل فخر اقدام اور کارنامے سے بہرہ مند ہیں۔

آپ نے فرمایا اس دن ایرانی فضائیہ کا  یہ اقدام منحوس پہلوی حکومت کے بوسیدہ پیکر پر آخری ضرب کی حیثیت رکھتا تھا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے شروع میں فرمایا کہ میں کورونا کے تعلق سے  ڈاکٹروں کی اعلان کردہ احتیاطی تدابیر کا پابند ہوں، یعنی اپنا فریضہ سمجھتا ہوں کہ ان پر عمل کروں اور عمل کرتا ہوں۔

آپ نے فرمایا کہ میں ماسک لگانے کی تاکید کرتا ہوں اور ویکسین کی تیسری ڈوز بھی میں لگوا چکا ہوں ۔
آپ نے فرمایا کہ میں ایران کے عزیز عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ اس سلسلے میں ماہرین کی باتوں کو سنیں اور ان پر توجہ دیں اور ان کی سفارشات پرعمل کریں۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کریں 

ٹیگس