Feb ۰۹, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۲ Asia/Tehran
  • امریکی لالی پاپ کو ایران کا جواب، زمینی سطح پر اقدام کے بغیر مذاکرات میں پیشرفت ممکن نہیں

جب تک مغربی فریق حقیقی اور محسوس اقدامات نہیں کر لیتے، مذاکرات میں تیز رفتار پیشرفت حاصل نہیں ہو سکتی، یہ بات ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے ویانا مذاکرات کے حوالے سے کہی۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے وزرائے خارجہ حسین امیر عبد اللہیان اور سرگئی لاوروف نے منگل کے روز ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں صدر ایران کے دورہ روس کے دوران ہوئے معاہدوں، ویانا مذاکرات اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے سلسلے میں روس کے موقف کو تعمیری قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اپنے حقوق اور مفادات کے دائرے میں تمام تر قوت کے ساتھ ایک اچھی مفاہمت کے درپے ہے۔

امیر عبد اللہیان نے ویانا مذاکرات میں پابندی کے خاتمے کے معاملے کو نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں ایران، روس اور دیگر فریقوں کے ساتھ اپنے صلاح مشورے کا عمل جاری رکھے گا۔ صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کے دورۂ روس کا حوالے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سفر کے دوران ہوئے معاہدوں کا جائزہ لینے اور انہیں مرحلہ عمل تک پہنچانے کے لئے اس وقت ایران کے مربوطہ ادارے سرگرم عمل ہیں۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے بھی اس موقع پر ایران کے اسلامی انقلاب کی تینتالیسویں سالگرہ پر وزیر خارجہ ایران کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ویانا مذاکرات کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے لازمی ہے کہ ایٹمی معاہدے کے سبھی فریق اور ان میں سرفہرست امریکہ، اپنے کئے وعدوں کی جانب پلٹ آئیں۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ماسکو ہمیشہ ایٹمی معاہدے کے حوالے سے تخریبی اقدامات کی روک تھام پر زور دیتا رہا ہے اور اس حوالے سے ایران کو لاحق تشویش قابل درک ہے۔

ٹیگس