Feb ۱۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran
  • اسلامی انقلاب کی تینتالیسویں سالگرہ، جشن و تقریبات کا سلسلہ عروج پر

ایران کے اسلامی انقلاب کا تناور درخت آج اپنی تینتالیسویں بہار کا جشن منا رہا ہے۔

دنیا کے سبھی آزاد ضمیر اور حریت پسندوں کی ڈھارس اور مستکبرین عالم کی آنکھوں کا کانٹا بنا ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کا جشن ایران اور دنیا کے دیگر ممالک منجلہ ہندوستان پاکستان میں تمام تر شان و شوکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

جشن آزادی کی خصوصی تقریبات کا سلسلہ گزشتہ شب سے ہی اپنے عروج کو پہونچ گیا جس کے تحت ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں بڑے زور و شور سے جشن منایا گیا، آتش بازی اور نوربارانی کا خاص اہتمام ہوا اور اسلامی اقدار پر استوار انقلاب کی نعمت پر بطور شکرانہ پورے ملک نے ٹھیک نو بچے صدائے اللہ اکبر بلند کی۔

دارالحکومت تہران میں بھی اہم مراکز پر جشن انقلاب کی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں اور شہر کے آسمان میں نوربارانی کی گئی۔ شہر کے آزادی اسکوائر بھی جشن کا خصوصی سماں نظر آیا جس کے دوران اسلامی انقلاب کی تینتالیسوں فجر کے طلوع ہونے پر آزادی ٹاور پر ایک طلائی تمغہ بھی آویزاں کیا گیا اور ملک کے معروف ترانہ خواں اور فنکار حضرات نے قومی و ملی ترانے پیش کئے۔

جشن انقلاب کی تینتالیسویں بہار کا سلسلہ آج بھی پورے زور و شور کے ساتھ جاری ہے جس کے تحت ملک کے تقریبا ڈیڑھ ہزار شہروں اور تین ہزار دیہی علاقوں میں مختلف شکلوں میں عوامی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پورے میں صبح ٹھیک ساڑھے نو بچے ریلیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ تاہم انسداد کورونا ہیڈ کواٹر  کے فیصلے کے مطابق سبھی ریلیاں کورونا پروٹوکول کے ساتھ انجام پا رہی ہیں جس کے تحت ریڈ زون میں آنے والے شہروں بالخصوص تہران میں کار اور بائک ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ دیگر اورینج اور ییلو زون میں شامل شہروں اور قریوں میں کورونا پروٹوکول کا خیال رکھتے ہوئے لوگ سڑکوں پر نکل کر جشن انقلاب منا رہے ہیں۔

دارالحکومت تہران میں مرکزی تقریب آزادی اسکوائر پر منعقد ہورہی ہے جہاں شہر کے بارہ مختلف نقطوں سے موٹر ریلیاں حرکت کرنے کے بعد وہاں پہونچ رہی ہیں اور کچھ دیر کے بعد جشن کو صدر جمہوریہ سید ابراہیم رئیسی خطاب کریں گے۔ اسکے علاوہ آن لائن بھی جشن انقلاب کا اہتمام کیا گیا جس میں لوگ مختلف شکلوں میں حصہ لے کر اپنے ملی و قومی جذبے کی تسکین کا سامان فراہم کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایران کا اسلامی انقلاب آج سے تینتالیس سال قبل گیارہ فروری سن انیس و اناسی کو رہبر کبیر خمینی بت شکن (رح) کی قیادت میں کامیابی سے ہمکنار ہوا اور آج آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں کامیابی کے ساتھ اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

دنیا کے مختلف سربراہان مملکت اور استقامتی و مزاحمتی محاذ سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیموں نے الگ الگ بیان جاری کر کے ایران کی حکومت و عوام کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ٹیگس