ایران نے مزید دو پیشرفتہ ڈرون طیاروں کی رونمائی کی+ ویڈیو
Feb ۱۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۰ Asia/Tehran
ایران کی وزارت دفاع نے اپنے مزید پیشرفتہ کئی ڈرون طیاروں کی رونمائی کی ہے۔
آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق ہفتے کے روز وزیر دفاع محمد رضا آشتیانی نے ڈرون کے شعبے میں تازہ ترین مصنوعات کی ایک نمائش کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلا شک ایران کی ڈرون صنعت کا ملک کی دفاعی طاقت و توانائی میں نہایت اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع میں قومی ڈرون منصوبوں پر گزشتہ چار دھائیوں سے کام ہو رہا ہے جو اب اسلامی انقلاب کی تینتالیسویں سالگرہ کے موقع پر اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ سرحد پار ملک کی دفاعی توانائیوں میں اپنے تیار کردہ ڈرون طیاروں کا نہایت اہم اور کلیدی کردار ہے اور انکی ساخت میں ایران نے خاصی پیشرفت کی ہے تاہم ابھی اس میدان میں چوٹی تک پہنچنے کے لئے بہت کچھ کرنا باقی ہے جس کے لئے ہمیں بدستور مستحکم عزم اور درست منصوبہ بندی کے ساتھ جدو جہد کو جاری رکھنا ہوگا۔
بریگیڈیئر جنرل آشتیانی نے کہا عسکری میدان میں مختلف شعبوں میں آج ڈرون طیاروں کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے اور یہ زمینی، فضائی اور سمندری محاذوں پر بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون کی پیشرفتہ ترین نسل کی پیداوار در حقیقت ایران کے فولادی عزم و ارادے اور اس نعرے کی عملی تفسیر ہے کہ "ہم کر سکتے ہیں"۔