Feb ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۸ Asia/Tehran
  • سرحدی منڈیوں کی تقویت سرحدی امن و استحکام کی ضامن ہے: ایران

ایران کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر نے ایران و پاکستان کی سرحدی منڈیوں کی تقویت کو سرحدوں پر امن و استحکام کے تحفظ کا ضامن قرار دیا ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر علی نیک زاد نے تہران میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی سے گفتگو میں دونوں ملکوں کے دیرینہ تاریخی تعلقات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ایران پاکستان کو اپنا دوست و برادر ملک سمجھتا ہے اور وہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی مفاہمت کا خیر مقدم کرتا ہے۔  

انھوں نے تمام پڑوسی ملکوں میں امن کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملہ ایران کے گہرے افسوس کا باعث بنا ہے اور ایران نے اس قسم کے حملوں کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔ علی نیک زاد نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دہشت گردی و منشیات نیز اس کی اسمکلنگ کے خلاف مہم کے علاوہ اور بھی مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

اس ملاقات میں پاکستان کے سفیر نے بھی ایران و پاکستان کے مشترکہ تاریخی بندھن و اقدار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات و تعاون کو مزید فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ٹیگس