Feb ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۵:۵۴ Asia/Tehran
  • ویانا مذاکرات کا نتیجہ مقابل فریق کے عملی ارادے پر منحصر ہے: وزیر خارجہ ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ہونے والی ملاقاتوں میں کہا ہے کہ ویانا مذاکرات میں مقابل فریق کو عملی عزم و ارادے کامظاہرہ کرنا ہوگا

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش سے ہونے والی ملاقات میں کہا ہے کہ ویانا مذاکرات میں پیشرفت قابل غور ہے تاہم ابھی مقابل فریق کو بعض کلیدی موضوعات خاص طور سے ایرانی قوم کے حقوق اور مفادات کے سلسلے میں سنجیدگی کے ساتھ سیاسی فیصلے کرنا ہوں گے اور اسے عملی عزم و ارادے کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

وزیر خارج ایران نے اسی طرح یہ بھی کہا کہ افغانستان میں تمام گروہوں کی شمولیت سے ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل اس ملک کے مسائل و مشکلات کے حل میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان سے وسیع پیمانے پر افغان پناہ گزینوں کی ایران منتقلی کا جاری سلسلہ اور اسی طرح اس ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی نیز افغانستان میں منشیات کی پیداوار اور  اس کی اسمگلنگ یہ سب ایسے مسائل ہیں جن سے علاقائی اور  عالمی امن و استحکام پر خاصا اثر پڑ رہا ہے اور یہ بہت افسوسناک امر ہے۔

اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی کہا کہ سب کو اس بات کا انتظار ہے کہ ویانا میں ایک ایسا عملی سمجھوتہ طے پا جائے جو سب کی نظر میں قابل قبول ہو اور جس سے ایران کے مفادات پورے ہوتے ہوں۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں بھی ویانا مذاکرات کے تمام فریقوں کو مشورہ دیا کہ آخری مراحل میں اندازوں کی غلطیاں نہ کی جائیں اور مذاکرات کو میڈیا میں نہ لے جایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ اگر آج ہی ایران کے مطالبات پر توجہ دی جائے تو سمجھوتہ طے پا سکتا ہے۔

اس ملاقات میں جرمن وزیر خارجہ انالنا بائربوک نے بھی کہا کہ مذاکرات حساس مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور سب کو چاہئے کہ اپنی بھرپور کوشش کریں تاکہ کم سے کم مدت میں یہ مرحلہ پار ہو جائے اور مسائل حل اور سمجھوتہ طے پائے۔

قطر کے وزیر خارجہ نے بھی مونیخ میں ایران کے وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقات میں تہران دوحہ تعلقات کو مزید فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ قطر کے نائـب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان آل ثانی نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات میں کہا کہ ان کا ملک ایران کے صدر سید رئیسی کے دورۂ قطر کا منتظر ہے اور اس سلسلے میں تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور قطر اس دورے کے لئے آمادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ ایران اور قطر کے تعلقات مزید فروغ پانے کا باعث بنے گا۔

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی امیر قطر کی دعوت پر پیر کے روز دوحہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ نے میونخ میں مختلف ملکوں منجملہ ہندوستان، ہالینڈ، بلجییم اور بوسنیہ کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

 

ٹیگس