اسلامی جمہوریہ ایران، ہمیشہ امریکہ کا منتظر نہیں رہ سکتا: ترجمان وزارت خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ سمجھوتے کے لئے تیار ضرور ہے لیکن تاابد انتظار نہیں کرے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے منگل کو امریکی وزیر خارجہ کی اس دھمکی کے بعد کہ اگر تہران سختی کرے گا تو واشنگٹن مذاکرات سے باہر نکل جائے گا کہا کہ امریکہ، برسوں سے ایٹمی سمجھوتے سے باہر نکل چکا ہے اور اس بنا پر ایران یہ اطمینان حاصل کرنا چاہتا ہے کہ واشنگٹن پھر ایسا نہیں کرے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بڑبولے پن اور ڈینگے مارنے کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا بلکہ صرف فیصلہ لینے سے ہی نتیجہ سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کے پاس اپنے لئے متبادل ہوتا ہے اگرچہ اس سے پہلے امریکہ کے متبادل آپشن کا کھوکھلا پن ثابت ہوچکا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ اگر وائٹ ہاؤس فیصلہ کرلے تو سمجھوتہ ہو سکتا ہے اور ایران سمجھوتے کے لئے تیار ہے، لیکن تاابد انتظار نہیں کرے گا۔
ایران ، گروپ چارجمع ایک اور یورپی یونین کے کوارڈی نیٹر کے درمیان ویانا کے کوبرگ ہوٹل میں پابندیوں کے خاتمے کے لئے مذاکرات کا آٹھواں دور جاری ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے ہمیشہ یہ اعلان کیا ہے کہ اس امر کے پیش نظرکہ امریکہ نے ایٹمی سمجھوتے سے باہر نکل کر سمجھوتے کو پامال کیا ہے لہذا پہلے وہ پابندیوں کو منسوخ کرکے سمجھوتے میں واپس آئے اور اس کی جانب سے معاہدے پرعمل درآمد کی تصدیق کی جائے۔