اپنے تجربات پاکستان کو منتقل کرنے کے لئے تیار ہیں: کماںڈر ایرانی فضائیہ
ایرانی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستانی فضائیہ کے ساتھ مختلف میدانوں میں تعاون کے لیے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
اپنے دورۂ پاکستان کے تیسرے روز ایرانی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈئیر جنرل حمید واحدی کا کہنا تھا کہ تہران اسلام آباد کے ساتھ تعاون کے فروغ کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ سے مشترکہ سرحدوں کی سلامتی اور استحکام میں اضافہ ہوا ہے۔
بریگیڈئیر جنرل حمید واحدی نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ایرانی فضائیہ نے قابل ذکر پیشرفت کی ہے اور ہم دفاع میں خودکفیل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم پورے طور سے اپنے پیروں پر کھڑے ہیں اور اپنے تجربات دوست و ہمسایہ ملک پاکستان کو منتقل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایرانی فضائیہ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل حمید واحدی، چار روزہ سرکاری دورے پر اتوار کے روز پاکستان پہنچے تھے۔