Mar ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۳:۳۹ Asia/Tehran
  • ایرانی فضائیہ کے کمانڈر کی پاکستانی فوج کے سربراہ سے ملاقات

ایرانی فضائیہ کے کمانڈر نے اپنے دورہ پاکستان کے چوتھے روز، پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا سے ایرانی فضائیہ کے کمانڈر کی پاکستانی فوج کے سربراہ سے ملاقات میں باہمی تعاون بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔

ایرانی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حمید واحدی نے بدھ کے روز راولپنڈی کے کمانڈ ہیڈ کوارٹر میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا سے ملاقات اور  دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی فضائیہ کے کمانڈر نے اس ملاقات میں، پچھلے تین روز کے دوران پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کو سود مند قراردیتے ہوئے کہا کہ خطے اور عالم اسلام کے دو با اثر ملکوں کی حیثیت سے ایران اور  پاکستان کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون انتہائی اہم ہے۔

ایرانی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل حمید واحدی کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والے ایرانی فوجی وفد کے ارکان نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوا سے ملاقات کے بعد، پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کا بھی دورہ کیا ۔

ایرانی فضائیہ پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کے ساتھ کیڈٹوں کے تبادلے کے پروگرام سے منسلک ہے اور اس وقت متعدد ایرانی کیڈٹ اس اکیڈمی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جنرل حمید واحدی کی قیادت میں ایران کا ایک فوجی وفد پاکستان کے سیاسی اور عسکری عہدیداروں سے بات چیت کی غرض سے اتوار کے روز اسلام آباد پہنچا تھا۔

جنرل واحدی کے دورہ پاکستان کا مقصد باہمی دفاعی تعاون کے فروغ بالخصوص ٹریننگ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تجربات کے تبادلے پر گفتگو کرنا ہے۔  

اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کی فضائیہ کے کمانڈروں نے پیر کو اسلام آباد میں ایک دوسرے سے ملاقات کی تھی جس میں باہمی تعاون بالخصوص دفاعی، فوجی اور تربیتی میدانوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔

پاکستانی فضائیہ کے کمانڈر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے اپنے ایرانی ہم منصب بریگیڈیئر جنرل حمید واحدی کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کے فروغ  کی امید ظاہر کی۔

ایرانی فضائیہ کے کمانڈر کے دورہ اسلام آباد سے قبل پاکستان کے ایک اعلی سطحی فوجی وفد نے ایران کا دورہ  اور  ملٹری اسٹاف کالج معائنہ کیا تھا۔

ایران اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے اور دونوں ملکوں کے اعلی فوجی عہدیدار تسلسل کے ساتھ ایک دوسرے سے تہران اور اسلام آباد میں ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں۔

مشترکہ بحری مشقوں کی غرض سے ایرانی اور پاکستانی بحری بیڑوں کی رفت و آمد ، دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات کی واضح مثال ہے۔

ٹیگس