Mar ۱۲, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • بین الاقوامی برادری اسرائیل کے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرے: ایران

شام میں اسرائیل کے دہشتگردانہ اقدام کے نتیجے میں دوایرانی فوجی مشیر کی شہادت پر ایران نے بین الاقوامی برادری اور سکیورٹی کاؤنسل سے اسرائیل کی سخت الفاظ میں مذمت کرنے کا مطالبہ کیا  ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقبل مندوب نے شام میں سرگرم عمل ایران کے فوجی مشیروں پر غاصب صیہونی ٹولے اسرائیل کے حملے کو دہشتگردانہ قرار دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اشتعال انگیز اور مجرمانہ اقدام کی مذمت کرے۔

گزشتہ پیر کی علی الصبح غاصب صیہونی ٹولے نے شام کے اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دارالحکومت دمشق کے شمال میں ایک علاقے پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں ایران کے دو فوجی مشیر شہید ہو گئے تھے۔ 

شام میں امریکہ اور اسکے اتحادی بعض عرب و غیر عرب ممالک کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کی سرگرمیاں بڑھ جانے کے بعد شامی حکومت کی باضابطہ دعوت پر اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی مشیر دہشتگردی کو لگام دینے کے مقصد سے شامی فوج کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر مجید تخت روانچی نے یو این کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام ایک مراسلہ ارسال کر کے شام میں ایرانی مشیروں پر صیہونی حملے کو ایک دہشتگردانہ اور مجرمانہ اقدام سے تعبیر کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت کے اس مجرمانہ اور دہشتگردانہ اقدام کی مذمت کرے اور اسے اپنے غیر قانونی اور امن مخالف اقدامات کے حوالے سے جوابدہی پر مجبور کرے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس اقدام کے تمام نتائج کا ذمہ دار غاصب صیہونی ٹولے کو سمجھتا ہے۔ انہوں نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل اکیاون کے مطابق اس کے مجرمانہ اقدامات کا جواب دینے کا حق اپنے لئے محفوظ رکھتا ہے۔

ٹیگس