Mar ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
  • سمجھوتے کی راہ میں روس کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں: وزیر خارجہ ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے لئے سمجھوتے کے حصول میں روس رکاوٹ نہیں بنے گا اور امید ہے کہ امریکہ بھی اس سمجھوتے کے سلسلے میں توسیع پسندی سے باز آجائے گا۔

وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ماسکو میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یوکرین کے بحران اور ویانا مذاکرات میں کوئی ربط نہیں پایا جاتا اور روس ویانا مذاکرات کے نتیجے میں ہونے والے سمجھوتے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ ویانا مذاکرات کے آغاز سے ہی روس نے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے اور سمجھوتے کے حصول میں وہ ایران کے ساتھ رہے گا اور اس سمجھوتے کی حمایت کرے گا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ویانا مذاکرات میں آنے والا وقفہ باقی بچے مسائل کے حل اور تمام فریقوں کی معاہدے میں واپسی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی اصولی پالیسی اور قومی مفادات کا تحفظ کرنا ویانا میں ایرانی ٹیم کی توجہ کا مرکز ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پیر کی رات انھوں نے یوکرین کے وزیر خارجہ سے بھی تفصیلی گفتکو کی ہے اور اس گفتگو میں جنگ بندی اور سیاسی راہ حل کے حصول کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اس پریس کانفرنس میں روسی وزیر خارجہ لاوروف نے بھی کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ سے دوستانہ ماحول میں مذاکرات ہوئے اور یہ کہ ایران و روس کے درمیان بین الاقوامی اقتصادی و تجارتی تعاون کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی پابندی، ایران و روس کے بڑھتے ہوئے تعلقات و تعاون میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

ٹیگس