ایران، برا سمجھوتہ نہیں کرے گا: عباس زادہ مشکینی
ایران کا کہنا ہے کہ وہ برا سمجھوتہ ہرگز نہیں کرے گا اور اب ویانا مذاکرات کے بارے میں فیصلہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔
ایران کی پارلمینٹ کے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے ترجمان محمود عباس زادہ مشکینی نے اتوار کو ایسنا کو انٹرویو دیتے ہوئے ویانا مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ تکنیکی سطح پر مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں اور اب سیاسی سطح پر دارالحکومتوں میں سیاسی فیصلے کرنے کا وقت ہے۔
ایرانی پارلمینٹ کے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے ترجمان نے مغرب کی ضمانت کو ویانا مذاکرات میں ایران کی اہم ترین شرط قرار دیا اور زور دے کر کہا کہ ایران برا سمجھوتہ ہرگز نہیں کرے گا اور ایک اچھا سمجھوتہ ہونا چاہئے جو فریقین کے مفادات کا تحفظ کرے۔
واضح رہے ویانا میں ایران کے خلاف پابندیوں کی منسوخی کے لئے مذاکرات آٹھ فروری کو شروع ہوئے تھے۔ ایران کی مذاکراتی ٹیم کی پہل اور جدت عمل سے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے تاہم مغربی فریقوں بالخصوص امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے اور سابق امریکی حکومت کے غیرقانونی اقدامات سے ہونے والے نقصان کی تلافی کرنے میں بائیڈن حکومت کا پس وپیش مذاکرات کے طویل ہونے کا باعث بنا ہے۔