Mar ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۱:۲۵ Asia/Tehran
  • معاہدے کے آخری مرحلے کے قریب ہیں: ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم معاہدے کے آخری مرحلے کے قریب ہیں اور اب یہ امریکی فریق پر منحصر ہے کہ عمل میں اپنی نیک نیتی کا مظاہرہ کرے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے پیر کے روز اپنے عراقی ہم منصب فؤاد حسین کے ساتھ  ٹیلیفونی گفتگو کی۔ اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران اور عراق کے وزرائے خارجہ نے ویانا مذاکرات کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت کے علاوہ یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پابندیاں ہٹانے اور ویانا مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم معاہدے کے آخری مرحلے کے قریب ہیں، ہم نے باقی رہ جانے والے چند اہم مسائل میں، یورپی یونین کے کوآرڈینیٹر کے ذریعے امریکہ کے سامنے اپنا موقف واضح طور پر پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ امریکی فریق پر منحصر ہے کہ عمل میں اپنی نیک نیتی کا مظاہرہ کرے۔ ہم ایک اچھے، مضبوط اور دیرپا معاہدے تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ایران کے چیف مذاکرات کار علی باقری کنی، انریک مورا سے براہ راست اور مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے اس تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مسائل پر توجہ مرکوز کرے جو امت اسلامیہ کی یکجہتی اور ہمدردی کی فضا کو مضبوط بنانے میں معاون ہوں۔

حسین امیرعبداللہیان نے اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ  ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں عید نوروز کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا۔

ٹیگس