پابندیوں کو ناکارہ بنائے جانے کی ضرورت پر ایران کی تاکید
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ویانا مذاکرات کے نتائج کا انتظار نہیں کیا جاسکتا اوراقتصادی توانائیوں اور گنجائشوں کے مد نظر پابندیوں کو ناکارہ بنائے جانے کی ضرورت ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ہمارے نمائندے سے گفتگو میں کہا کہ تمام وزارت خانے اور حکومت سے متعلق تمام شعبے ملک میں پائیداراقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور اندرون ملک پائی جانے والی توانائیوں اور صلاحیتوں کی بنیاد پر پابندیوں کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ویانا مذاکرات کے نتائج کا انتظار نہیں کیا جاسکتا اور اقتصادی توانائیوں اور گنجائشوں کے مد نظر پابندیوں کو ناکارہ بنائے جانے پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ حکومت کی ہدایات پر کام کر رہی ہے اور وہ ویانا میں ایران کے خلاف غیر قانونی و ظالمانہ پابندیوں کو ختم کرانے کے لئے ہی مذاکرات کررہی ہے۔
وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے امریکہ کی روز افزوں توسیع پسندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرامریکیوں نے حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کیا تو معاہدہ طے پا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ امریکی رکاوٹیں مذاکرات کے اختتام تک پہنچنے میں تعطل کا باعث بنی ہوئی ہیں اور امریکی توسیع پسندی اس حد تک ہے کہ حتی یورپی فریق ملکوں یعنی برطانیہ فرانس اور جرمنی نے بھی مذاکرات میں امریکیوں پر تنقید کی ہے۔
حسین امیرعبداللہیان نے اسی طرح بلجیئم کی نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ صوفیہ ویلمز کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں ویانا مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ باقیماندہ ایک یا دوموضوع کے حل کے لیے امریکہ کو فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے اور اس کی پیروی یورپی یونین کے نمائندے کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
وزیرخارجہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران اور بیلجیئم کے درمیان مختلف شعبوں میں اچھے تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے دونوں ممالک کے روابط اور ان ممالک کی یورپی اور بین الاقوامی اداروں میں موجودگی کو اہم قرار دیا۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں بلجیئم کی وزیر خارجہ نے پارلیمانی تعاون اور بعض دو طرفہ معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور باہمی تعاون کو اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور بعض موجودہ مسائل کے حل کے لیے اہم قرار دیا۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران اور بلجیئم کے وزرائے خارجہ نے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارتی تبادلوں کے حجم کو بڑھانے اور مختلف امور پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر بھی زور دیا۔