بحران یوکرین کے سیاسی حل پر ایران کی تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے یوکرین کے بحران کا سیاسی راستے سے حل نکالنے پر ایک بار پھر زور دیا ہے۔
حسین امیر عبد اللہیان نے ہنگری کے اپنے ہم منصب پیٹر سیارٹو سے ٹیلیفونی گفتگو میں دو طرفہ تعلقات، ویانا مذاکرات اور یوکرین کے بحران پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ہنگری میں بر سر اقتدار پارٹی کی پارلمانی انتخابات میں کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس ملک کے ساتھ تعلقات میں فروغ اور دونوں ملکوں کے مشترکہ اقتصادی کمیشن میں طے پانے والے معاہدے کو عملی شکل دینے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی آمادگی ظاہر کی۔
انہوں نے بحران یوکرین کے تعلق سے جنگ اور پابندی دونوں متبادل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یوکرین کے بحران کا سیاسی راستے سے حل نکالنے پر زور دیتا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے ویانا مذاکرات کے تعلق سے کہا کہ ایران کی پہل سے مذاکرات میں اہم پیشرفت حاصل ہوئي ہے لیکن ایران اور امریکہ کے مابین ابھی بھی کچھ موضوع باقی بچے ہیں جن کے حل کے لئے یوروپی مذاکرات کاروں کے ذریعے کوشش جاری ہے۔
اس ٹیلیفونی گفتگو میں ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیارٹو نے بھی اپنے ایرانی ہم منصب کو اپنے ملک کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے یہ بات زور دیتے ہوئے کہی کہ ہنگری اپنی خارجہ پالیسی کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا پابند ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین ہوئے معاہدوں کے نفاذ پر بھی زور دیا۔