Apr ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۲ Asia/Tehran
  • دوسرے شہید حرم حجت الاسلام دارائی کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں+ ویڈیو

حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے میں شہید ہونے والے دوسرے شہید، حجت الاسلام محمد صادق دارائی کی نماز جنازہ فرزند رسول امام علی رضا علیہ السلام کے روضے میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

ہمارے نمائندے کے مطابق، شہید حجت الاسلام محمد صادق دارائی کے جسد خاکی کو جلوس کی شکل میں مہدیہ مشہد سے حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہرکی جانب لایا گیا جس میں کئی ہزار افراد شریک ہوئے۔

شہید محمد صادق دارائی کی جسد خاکی کو آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد ان کے ساتھی شہید محمد اصلانی کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا۔

ہمارے نمائندے کے مطابق نمائندہ ولی فقیہ اور آستان قدس رضوی کی جانب سے دونوں شہدا کی یاد میں مجلس ترحیم آج رات روضہ امام رضا علیہ السلام سے متصل مسجد گوہرشاد میں ہوگی۔

واضح رہے کہ منگل کی سہ پہر ایک تکفیری دہشت گرد نے، مشہد مقدس میں واقع بارگاہ علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے صحن پیامبر اعظم سے گزرنے والے تین علما پر حملہ چاقو سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دو علما شہید ہوگئے ۔

سیکورٹی عملے نے عوام کی مدد سے حملہ آورتکفیری دہشت گرد کو گرفتار کرکے متعلقہ اداروں کے حوالے کردیا تھا جہاں اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

 

ٹیگس