Apr ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۴:۳۵ Asia/Tehran
  • پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کی پیداوار کے میدان میں کسی سے اجازت نہیں لیں گے، صدر ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت پرامن ایٹمی صنعتوں میں تحقیق و ترقی کی حمایت کرتی ہے

ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر محکمہ ایٹمی ٹیکنالوجی کی جانب سے منعقد کی جانے والی ایک نمائش کے معائنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرمملکت سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ایٹمی شعبے میں ایرانی نوجوانوں اور سائنسدانوں نے جو کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں وہ قابل فخر ہیں۔

صدر ایران نے ایٹمی شعبے میں ملک کی ترقی و پیشرفت کو نوجوان نسل اور سائنسدانوں کی خود اعتمادی اور اندرونی توانائیوں پر بھروسے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ جس جذبے اور لگن سے ایٹمی شعبے نے ترقی کی ہے ایسا دوسری صنعتوں میں بھی دکھائی دینا چاہیے۔

انہوں نے ایٹمی ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کو ایران کا مسلمہ حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل اور ملکی سائنسدانوں پر اعتماد اور جہادی بنیادوں پر کام کا ماڈل ہمیشہ کامیاب رہا ہے، اور دیگر شعبوں کو اس جانب قدم بڑھانا چاہیے۔

صدر سید ابراہیم رئیسی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران اپنی ایٹمی ترقی اور پیشرفت کے لیے  کسی دوسرے ملک کی رائے اور مرضی کا متحاج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے حوالے سے ہمارے سائنسدانوں کی تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار اچھی ہے اور ہماری حکومت اس کی حمایت کرتی ہے۔

اس موقع پر ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے امور میں صدر کے معاون خصوصی سورنا ستاری نے ایٹمی سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کی ترقی کے مختلف معاملات سے صدر کو آگاہ کیا۔

ایران میں پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر صدر مملکت نے نو نئی پرامن ایٹمی پروڈکشن کی رنمائی کی۔ اس نمائش کے دوران ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی نے تین اہم منصوبے شروع کرنے کا بھی اعلان کیا جن میں بجلی کی پیداوار میں دس ہزار میگاواٹ ایٹمی بجلی شامل کرنے اور ایٹمی بجلی گھروں کو مقامی ٹیکنالوجی میں ڈھالنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

ایران میں ہرسال بیس فروردین مطابق نو اپریل کو ایٹمی ٹیکنالوجی کا قومی دن منایا جاتا ہے۔ آج سے سولہ  سال قبل نو اپریل دوہزار چھے کو ایرانی سائنسدانوں نے تمام تر بیرونی پابندیوں کے باوجود اندرونی وسائل اور توانائی سے کام لیتے ہوئے ، ایٹمی ایندھن کی تیاری کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل کیا تھا۔

ایٹمی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایرانی سائنسدانوں کی اس شاندار کامیابی نے  ایران کو دنیا میں یورینیم افزودہ کرنے والے ملکوں کی صف میں شامل کردیا تھا۔

 ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے بھی ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول کی سولہویں سالگرہ کے موقع پر ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ذریعے اپنی قانونی ذمہ داریوں پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

 محمد اسلامی کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی اپنی قانونی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے گی اور ایرانی عوام کے دشمنوں کے ناجائز مطالبات ، دباؤ اور تخریبی اقدامات کے فریب میں نہیں آئے گی۔

ٹیگس