ایران نئے ایٹمی بجلی گھر خود تعمیر کرے گا
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان نے ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر کو ملک کی اہم ترین ضرورت قرار دیا ہے۔
ینگ جرنلسٹ کلب سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کےترجمان بہروز کمالوندی کا کہنا تھا کہ دارخوین کے قریب تین سو ساٹھ میگاواٹ کے نئے ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایٹمی بجلی گھر مکمل طور پر ایرانی ماہرین ڈیزائن اور تیار کریں گے۔
بہروز کمالوندی نے کہا کہ ایران کا محکمہ ایٹمی توانائی ملک میں دس ہزار میگاواٹ ایٹمی بجلی پیدا کرنے کے قومی منصوبے پر پوری تندھی کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ اس سے پہلے ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا تھا کہ دارخوین میں تین سو ساٹھ میگاواٹ کے ایٹمی بجلی گھر کا منصوبہ ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے اور اسے تحقیقاتی ری ایکٹر کے طور پراستعمال کیا جائے گا اوراپنی تکمیل کے بعد یہ ایران میں بھاری پانی سے چلنے والا دوسرا ایٹمی بجلی گھر ہوگا۔