Apr ۲۳, ۲۰۲۲ ۲۲:۵۷ Asia/Tehran
  • ایران اور افغانستان کی سرحد پر کشیدگی، اسلام قلعہ سرحد بند

ہرات میں ایک باخبر ذریعے نے اسلام قلعہ سرحد کی بندش کی تصدیق اور ایران- افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کی اطلاع دی ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس ذریعے نے زور دیا کہ ایرانی سرحدی محافظوں اور طالبان کی سرحدی فورس کے درمیان کوئی جھڑپ نہیں ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق طالبان کی سرحدی فورس کی جانب سے دونوں ممالک کے سرحدی علاقے میں سڑک بنانے کے منصوبے کے بعد کشیدگی شروع ہوئی جس کی اسلامی جمہوریہ ایران کے سرحدی محافظوں نے مخالفت کی۔

ایران کے اس اقدام پر طالبان کی جانب سے شدید رد عمل ظاہر کیا گیا اور اس کے بعد دونوں فریق میں بحث چھڑ گئی جس کے بعد دونوں ممالک کے سیکورٹی اہلکاروں نے اپنی اپنی پوزیشن پکڑ لی اور پوری طرح الرٹ ہو گئے۔

ہرات میں ایک باخبر ذریعے نے فارس نیوز ایجنسی کی افغانی ویب سائٹ کو بتایا کہ اسلام قلعہ پر یہ واقعہ رونما ہوا جس کے بعد سرحد کو اگلی اطلاع تک بند کر دیا گیا ہے۔ طالبان کے سیکورٹی اہلکار سرحد کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ طالبان حکام نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن اس باخبر ذریعے کے مطابق دونوں ملکوں کی سرحدی افواج کے درمیان کوئی جھڑپ نہیں ہوئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام قلعہ سرحد پر کشیدگی کے بعد سرحد کو رفت و آمد کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ امریکہ افغانستان سے نکلنے کے بعد ایک طرف ایران اور افغانستان کے درمیان دراڑ پیدا کرنے اور دوسری طرف نسلی اور مذہبی فتنہ کو ہوا دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

ٹیگس