Apr ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • عالمی یوم القدس کی ریلی میں شرکت کرنے کی بین الاقوامی کانفرنس کی اپیل

انتفاضہ فلسطین کی حمایت سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے مستقل سیکریٹریٹ نے تمام ایرانی عوام، عالمی پارلیمانی اراکین، دنیا کی تمام عوامی و حریت پسند تنظیموں کے نمائندوں اور اراکین سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی یوم القدس کے جلوسوں اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔

انتیس اپریل کو ماہ مبارک رمضان کا جمعۃ الوداع اور عالمی یوم القدس ہے ۔ انتفاضہ فلسطین کی حمایت سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے مستقل سیکریٹریٹ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ عالمی یوم القدس کے قریب آنے پر فلسطینی نوجوانوں نے  مختلف علاقوں میں مزاحمتی اورشہادت پسندانہ کارروائیاں انجام دے کر ثابت کردیا ہے کہ بعض عرب حکمرانوں کی غداری کے باوجود مسئلہ فلسطین بدستور زندہ ہے اور اس مسئلے کو پس پشت نہیں ڈالا جاسکتا۔ 

ایرانی پارلیمنٹ میں قائم انتفاضہ فلسطین کی حمایت سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے مستقل سیکریٹریٹ نے  فلسطین کی حمایت میں دنیا کی مسلم اقوام کے  اتحاد و یکجہتی کے تحفظ پر زور دیا ہے.انتفاضہ فلسطین کی حمایت سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے مستقل سیکریٹریٹ  نےایک بار پھرتمام اسلامی و غیر اسلامی ملکوں کی  پارلیمانوں اور عوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت اور بین الاقوامی سطح پر اس غاصب حکومت کی دریدہ دہنی کو لگام دیں اور فلسطینیوں کے حقوق کی بھرپور حمایت کا اعلان کریں۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح نے مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے، فلسطینیوں کی حمایت اور مسلم امہ کے درمیان بیت المقدس کی آزادی کا جذبہ پیدا کرنے کی غرض سے رمضان المبارک  کے آخری جمعے، جمعۃ الوداع  کو عالمی یوم القدس قرار دیا تھا۔ اس کے بعد سے  ہرسال اس دن دنیا بھر میں عالمی یوم القدس منایا جاتا ہے۔

ٹیگس