عالمی یوم القدس کے موقع پر استکبار مخالف نعروں کی گونج
ایران کی اہم شخصیات نے عالمی یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عوام سے اس دن کے جلوسوں، ریلیوں اور اجتماعات میں بھر پور شرکت کی اپیل کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما خلیل الحیہ سے تہران میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین اور بیت المقدس کو اسلامی جمہوریہ ایران میں بنیادی حیثیت حاصل ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح نے بیت المقدس اور مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا اور آپ نے اپنی درایت و بصیرت سے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو یوم القدس قرار دیا تاکہ بیت المقدس اور فلسطین کا مسئلہ مسلمانان عالم اور دنیا کی تمام حریت پسند قوموں کے اذہان میں ہمیشہ زندہ رہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ امت مسلمہ، مزاحمتی گروہوں اور عالم اسلام کے سبھی ملکوں کو چاہئے کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی مخالفت میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ۔ انھوں نے کہا کہ یقینی طور پر فلسطینی گروہوں میں اتحاد و یکجہتی انھیں کامیاب بنانے میں بہت زیادہ موثر واقع ہوگی۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما خلیل الحیہ نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ غاصب صیہونی اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ مسلمانوں سے مسجد الاقصی چھین کرپورے بیت المقدس میں غاصب صیہونیوں کو آباد کر دیا جائے مگر مدافعین حرم، عوام اور مزاحمتی گروہوں کی سعی و کوشش اور جدوجہد سے بیت المقدس اور مسجد الاقصی مزاحمت کے محور و مرکز کی حیثیت سے ہمیشہ باقی رہے گی۔
انھوں نے ایران کی سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی غاصب صیہونیوں کے خلاف جدوجہد میں شجاعت ودلیری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی شجاعت و بہادری کے نتیجے میں مزاحمتی گروہوں کی صورت حال بہتر ہوئی ہے ۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما خلیل الحیہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی حکام سے ملاقات و گفتگو کے لئے بدھ کو ایران کے دورے پر تہران پہنچے۔
دریں اثنا ایران کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان محمود عباس زادہ مشکینی نے بھی خانہ ملت نیوز ایجنسی سے گفتگو میں عالمی یوم القدس کے موقع پر ملین مارچ اور وسیع پیمانے پر کئے جانے والے مظاہروں کی اہمیت کے بارے میں کہا ہے کہ اس دن دنیا کی حریت پسند قومیں سامراج و استکبار کی شرمناک پالیسیوں کے خلاف احتجاج اور ان پالیسیوں سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کریں گی۔
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے بھی عالمی یوم القدس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کو عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ یوم القدس عالم اسلام کی مزاحمت کا مظہر ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مسلم دنیا نے رمضان المبارک کے جمعتہ الوداع کو عالمی یوم قدس قرار دینے میں امام خمینی رح کی حکمت و خرد مندی اور بصیرت کی گہرائی کو ماضی سے کہیں زیادہ درک کرلیا ہے۔
ایران کی آئین کی نگراں کونسل کے سیکریٹری آیت اللہ احمد جنتی نے بھی عالمی یوم القدس کی آمد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی یوم القدس اور فلسطینیوں کی مزاحمت کی بدولت غاصب صیہونیوں سے عالمی نفرت و بیزاری مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔