پاسبان حرم کی تشییع میں دسیوں ہزار افراد کی شرکت، امریکہ و اسرائیل مردہ باد کے نعرے
پاسبان حرم شہید حسن صیاد خدائی کے جلوس جنازہ میں دسیوں ہزار افراد نے شرکت کی ۔
تہران میں امام حسین (ع) اسکوائر میں سپاہ قدس کے کرنل شہید حسن صیاد خدائی کی تشییع جنازہ میں عوام نے بڑے اور وسیع پیمانے پر شرکت کی اور امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
اس سے قبل پاسبان حرم شہید حسن صیاد خدائی کے پیکر پاک کی تہران کے حسینیہ معراج شہداء میں تشییع کی گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
در ایں اثناء ایران کی مسلح افواج کے کمانڈر میجر جنرل محمد باقری نے ایک پیغام میں پاسبان حرم کرنل صیاد خدایی کی شہادت پر تعزیت و تہنیت کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس شہید کے قتل کا انتقام ضرور لیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ پیارے اور عزیز صیاد خدایی جنہوں نے اپنی زندگی، نظام کی روشن راہ میں جدوجہد کرتے ہوئے بسر کی، وہ اہل بیت (ع) سے محبت کرنے والے، انقلاب کے اعلی نظریات و اقدار کے پیرو، اسلامی نظام اور وطن عزیز کے محافظ تھے جنہوں نے اپنی زندگی کو عزت وسربلندی کے دفاع میں گزارا، وہ ہمیشہ کے لیے اللہ رب العزت کی طرف ہجرت کرنے اور قربانیاں دینے والوں کے لئے نمونہ ہیں جو عزت اور حریت کے دائرے میں خلوص، گمنامی اور سادگی کی زندگی بسر کرتے ہیں۔
جنرل باقری نے کہا کہ اس عظیم شہید کا قتل، انسانی حقوق کے جھوٹے دعویداروں کی بے حیائی اور تذلیل اور مزاحمتی محاذ کے خلاف ذلت آمیز شکستوں پر پردہ ڈالنے کی ان کی مذموم کوششوں کی نشانی ہے اور یقیناً اس کا جواب دیا جائیگا۔