May ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۴:۴۱ Asia/Tehran
  • ایرانی فوجی کمانڈروں کا حضرت امام خمینی کی امنگوں سے تجدید عہد

خرمشہر کی آزادی کی سالگرہ کی مناسبت سے ایران کی مسلح افواج کے سینیئر کمانڈروں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کے مزار پر حاضری دی اور پھول نچھاور کرتے ہوئے ان کی امنگوں سے تجدید عہد کیا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ دشمن نے اس منصوبے کے ساتھ ایران پر حملہ کیا تھا کہ وہ ایک دن میں خرمشہر اور ایک ہفتے میں ایران کو فتح کرلے گا مگر خرمشہر کی آزادی مثالی کارنامہ بنی اور دشمن کے منصوبے پر پانی پھر گیا۔

انھوں نے بیت المقدس نامی فوجی کارروائی کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی فوج کی اس کارروائی میں صدامی  فوج کے سولہ ہزار اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ انیس ہزار کو قیدی بنا لیا گیا اور اس فوجی کارروائی نے دشمن کی فوج کو ناکوں چنے چبوادیئے۔

واضح رہے کہ تین خرداد مطابق چوبیس مئی کی تاریخ ایران کے جنوب مغربی شہر خرمشہر کی آزادی کی سالگرہ سے مناسبت رکھتی ہے جسے پانچ سو اٹھہتر دن کے بعد ایرانی مسلح افواج نے سن انیس سو بیاسی میں آزاد کرایا تھا۔

تین خرداد دشمن کے قبضے سے سرزمین وطن کی آزادی کے لئے سپاہ پاسداران اور رضاکار فوج کے ساتھ بحریہ کے جوانوں کی استقامت و پائیداری اور فتح و کامیابی کا ایک بہترین جلوہ ہے ۔

ٹیگس