آئی اے ای اے میں فرانس کے نفسیاتی حربے کا ایران کا دندان شکن جواب
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے اور ہم بورڈ آف گورنرز میں کسی بھی غیر تعمیری اقدام کا سخت اور مناسب جواب دیں گے۔
ارنا کے مطابق، وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے، فرانس کی وزارت خارجہ کے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی نئی رپورٹ کے حوالے سے اپنائے گئے موقف کے رد عمل میں کہا : جیسا کہ پہلے بھی کہا گیا ہے کہ آئی اے ای اے کی نئی رپورٹ، ایران کے اس بین الاقوامی ادارے کے ساتھ باہمی عمل کی حقیقی عکاسی نہیں کرتی اور اس طرح کا جلد بازی میں سیاسی مقصد کے تحت دیا گیا بیان کہ جس میں ایران اور آئي اے ای کے مابین بڑے پیمانے پر تکنیکی و مثبت تعاون کو پوری طرح نظر انداز کیا گیا ہے، ایک بے معنی اور مداخلت پر مبنی بیان ہے۔
خطیب زادہ نے کہا کہ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاسوں کے موقع پر اس طرح کے اقدام، اسلامی جمہوریہ ایران پر دباؤ ڈالنے کے لیے ہے اور ہم اس قسم کے بیانات اور اقدامات کی نوعیت سے بخوبی واقف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ ہم نے بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کو ہمیشہ تکنیکی تعاون کے راستے پر وفادار رہنے کا مشورہ دیا اور ہم فرانس جیسے ممالک کو بھی مشورہ دیتے ہیں کہ وہ مداخلت کرنے سے گریز کرے جو تعاون کو اس کے صحیح راستے سے ہٹانے کا سبب بنے اور اس کے بجائے، جوہری تخفیف اسلحہ سے متعلق اپنے عہد پر اور اسرائیل کی نسل پرست ریاست کو جوابدہ بنانے کے لئے عمل کرے جس کے پاس سینکڑوں ایٹمی بم ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے اور ہم بورڈ آف گورنرز میں کسی بھی غیر تعمیری اقدام کا سخت اور مناسب جواب دیں گے اور جو لوگ بورڈ آف گورنرز اور ڈائریکٹر جنرل کی رپورٹ کو ایران کے خلاف سیاسی طور پر فائدہ اٹھانے اور ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ ان اقدامات کے نتائج کے ذمہ دار ہونگے۔