Jun ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • خمینی بت شکن کی برسی پر قائد انقلاب کا براہ راست خطاب

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کل بروز ہفتہ (4 جون) کو بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) کی 33 ویں برسی کی مناسبت سے انکے مزار پر عوام کو خطاب کریں گے۔

سحر نیوز ایران: ہمارے نمائندے کے مطابق حضرت امام خمینی (رہ) کی 33 ویں برسی کے مرکزی پروگرام کا آغاز کل بروز ہفتہ صبح 9 بجے بانی انقلاب کے مزار پر ہوگا۔ اس موقع پر قائد انقلاب اسلامی عوام کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کریں گے۔ یہ پروگرام کورونا محدودیتوں کے باعث گزشتہ تین برسوں سے منعقد نہیں ہو پا رہا تھا اور قائد انقلاب کا سالانہ خطاب بھی ٹی وی کے ذریعے ہوا کرتا تھا تاہم اس بار ملک میں کورونا کی بساط (تقریبا) لپٹ جانے کے بعد اپنے روایتی انداز میں پوری آب و تاب کے ساتھ یہ پروگرام منعقد ہوگا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے علاوہ ہندوستان، پاکستان، ان ممالک کے زیر انتظام کشمیر سمیت دنیا کے مختلف اسلامی و غیر اسلامی ممالک میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) کی 33 ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاتی ہے جس میں مسلم و غیر مسلم سمیت لاکھوں حریت پسند انکے تئیں اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) ایرانی کیلینڈر کے مطابق چودہ خردار مطابق تین جون 1989ء کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ انہیں تہران کے قبرستان بہشت زہراء (س) میں شہدائے انقلاب کے جھرمٹ میں سپرد خاک کیا گیا۔ آپ کا مزار تہران قم شاہراہ کے کنارے واقع ہے جہاں سالانہ لاکھوں ملکی و غیر ملکی افراد آکر اظہار عقیدت اور فاتحہ خوانی کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامی و انقلابی اقدار سے اپنی وفاداری کا اعلان کرتے ہیں۔

 

ٹیگس