Jun ۱۶, ۲۰۲۲ ۲۱:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران و عراق کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونی گفتگو

ایران و عراق کے وزرائے خارجہ نے اہم دوطرفہ علاقائی اور عالمی تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیاہے

ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جمعرات کو عراقی وزیرخارجہ فواد حسین سے ٹیلی فونی گفتگو میں اس سال ایرانی عازمین حج کے سلسلے میں ہونے والے مذاکرات کو آسان بنانے کے لئے عراقی حکومت کے اقدامات کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کے حج حکام کی کوششوں سے ایران سمیت تمام ممالک کے عازمین حج بخوبی اور بلاکسی مشکل کے فریضہ حج انجام دیں گے۔

ایرانی وزیرخارجہ نے تہران ریاض تعلقات کے بارے میں کہا کہ تہران ، بغداد میں ہونے والے ایران اور سعودی عرب کے مابین حالیہ مذاکرات کو مثبت سمجھتا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتائج کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ نے عراقی وزیرخارجہ کے حالیہ دورہ تہران اور زائرین اربعین کے لئے زمینی راستے کھولے جانے کے سلسلے میں ہونے والے سمجھوتے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ زمینی سرحدیں پوری طرح جلد کھول دی جائیں گی۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں عراقی وزیرخارجہ فواد حسین نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری مذاکرات کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراقی حکومت دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان براہ راست گفتگواور تعلقات کے معمول پر آنے  تک سہولت کاری جاری رکھنے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔ 
عراقی وزیرخارجہ نے زمینی سرحدوں کے کھولے جانے اور زائرین اربعین حسینی سمیت دیگر زائرین کی رفت و آمد کے سلسلے میں ہونے سمجھوتوں پر عمل درآمد پر زور دیا۔ 

ٹیگس