کیسپین سی دوستی اور تعاون کا سمندر ہے: صدر ایران
صدر ایران نے کیسپین سی کو ساحلی ملکوں کے درمیان دوستی اور تعاون کا سمندر قرار دیا ہے۔
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے یہ بات کیسپین سی کے ساحلی ملکوں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد تہران واپسی پر کہی۔
انہوں نے جمعرات کو عشق آباد سے تہران واپس آنے کے بعد کہا کہ کیسپین سی اس علاقے کی اقوام سے تعلق رکھتا ہے اور اس کا انتظام و انصرام ساحلی ممالک مشترکہ طور پر چلائیں گے۔ صدر ایران نے کہا کہ کیسپین سی کے ساحلی ممالک اقتصاد، ثقافت، ماحولیات ، جہاز رانی، سیاحت اور ماہی گیری سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا مزید کہ کیسپین سی کے ساحلی ملکوں کے ساتویں سربراہی اجلاس کے لئے تہران کے انتخاب کا سبھی ملکوں نے خیر مقدم کیا۔
یاد رہے کہ صدر ایران بدھ کو کیسپین سی کے ساحلی ملکوں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے ترکمنستان کے دارالحکومت عشق آباد گئے تھے ۔ انہوں نے عشق آباد اجلاس میں شرکت کے علاوہ اجلاس میں شریک سربراہوں سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال اور بدھ کی رات عشق آباد میں اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتین کے ساتھ باہمی تعلقات کے استحکام اور سبھی میدانوں میں تعاون میں توسیع پر اتفاق کیا۔