مضبوط ، پائیداراور قابل اعتماد سمجھوتے کے لئے دوحہ مذاکرات میں حصہ لیا : علی شمخانی
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے قطر کے وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا کہ ایک مضبوط ، پائیدار اور قابل اعتماد سمجھوتے کے لئے ہم نے دوحہ مذاکرات میں حصہ لیا تھا۔
قطر کے وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہ جو تہران کے دورے پر تھے اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے بعد ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکریٹری علی شمخانی سے ملاقات کی اور باہمی علاقائی ، سیاسی اور تازہ ترین سیکیورٹی کی صورت حال کے بارے میں گفتگو کی ۔ اس ملاقات میں ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکریٹری نے کہا کہ پڑوسیوں کے سلسلے میں ایران کی مستقل پالیسی کی بنیاد، اچھی ہمسائگی کے ساتھ اسٹریٹیجک اور ہمہ گیر تعلقات کو فروغ دینا ہے ۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکریٹری نے دہشتگردی اور صیہونیزم کو علاقے میں بدامنی اور عدم استحکام کا دو اہم عنصر قرار دیا اور کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ کوئی بھی اتحاد چاہے وہ غیرسیکیورٹی اور غیرفوجی ہی کیوں نہ ہو علاقے کی سیکیورٹی کے لئے خطرہ ہے ۔
علی شمخانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، ہمیشہ ہی ملکوں کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور اجتماعی سیکیورٹی کو ایک دائمی ومستقل اسٹریٹیجی سمجھتا رہا ہے۔
اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے ایٹمی مذاکرات میں ایران کے اچھے طرزعمل کو مضبوط ، پائیدار اور قابل بھروسہ سمجھوتے کے حصول کا ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیاں اس طرح ختم کی جائیں کہ تمام ممالک اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے ایران میں بھی سرمایہ کاری کرسکیں۔
اس ملاقات میں قطر کے وزیرخارجہ نے ملکوں کے درمیان دوفریقی اور چند فریقی تعلقات میں تیزی لانے اور بعض جعلی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے علاقائی ڈائیلاگ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔