صدر ایران کے نمائندہ خصوصی کا دورہ اسلام آباد
اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے امور میں صدر ایران کے خصوصی نمائندے حسن کاظمی قمی نے جمعے کو پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات اور گفتگو کی ۔
صدر ایران کے خصوصی نمائندے اور پاکستان کے وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں افغانستان میں امن و استحکام کے قیام میں تہران اور اسلام آباد کے تعاون اور ہم فکری کو قابل تعریف بتایا اور کہا کہ افغان عوام کو مشکلات و مسائل سے نجات دلانے میں علاقائی صلاحتیوں سے زیادہ سے زیادہ کام لینے کی ضرورت ہے۔
اس ملاقات میں افغانستان کے پڑوسی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے فیصلوں پرعمل درآمد کی صورتحال اور آئندہ اجلاسوں میں تہران اور اسلام آباد کے تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
افغانستان کے امور میں صدر ایران کے خصوصی نمائندے حسن کاظمی قمی نے جمعے کو اسلام آباد میں افغانستان کے امور میں پاکستانی وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے محمد صادق سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔
حسن کاظمی قمی، افغانستان کے بارے میں ایران اور پاکستان کے تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کے لئے جمعے کی صبح اسلام آباد پہنچے ہیں ۔