غاصب اسرائیلی حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات استوار نہ کریں: اسلامی ملکوں سے ایرانی پارلیمانی اسپیکر کی اپیل
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالی باف نے اسلامی ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غاصب اسرائیلی حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات استوار نہ کریں۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالی باف نے اسلام آباد میں پاکستانی علما اور دانشوروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مسلمان ملک خود کو اسلام اور مسلمانوں کے دشمنوں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی اجازت نہ دے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مسلط کردہ امن اور مسلط کردہ جنگوں کا مقصد یہ ہے کہ اسلامی دنیا کا کوئی ملک مضبوط اور خود مختار نہیں رہے۔
ایران کے اسپیکر نے کہا کہ جب 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی قوم، حکومت اور پارلیمنٹ نے ایرانی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا تو میں نے اسی وقت فیصلہ کرلیا تھا کہ میں جنگ کے بعد پہلے غیر ملکی دورے پر پاکستان جاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی سچائی، انصاف اور جراٴت کی علامت تھی کہ اس نے امریکہ کی حمایت اور براہ راست مداخلت سے انجام پانے والے غاصب اسرائيلی حکومت کے بُزدلانہ حملے میں ایرانی قوم کا بھرپور ساتھ دیا۔