Nov ۱۴, ۲۰۲۵ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران نے گروپ سات کے الزامات اور دعووں کو بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے دفترخارجہ  کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کینیڈا میں گروپ 7  کے وزرائے خارجہ کے اعلامیے میں ایران کے خلاف کئے جانے والے دعووں کو بے بنیاد، غیر ذمہ دارانہ اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکہ اور یورپی ٹرائیکا کے غیر قانونی اقدام کی حمایت میں گروپ سات کا موقف غیر ذمہ دارانہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ گروپ سات کا اعلامیہ ایک بین الاقوامی خلاف ورزی کو جائز قرار دینے کی کوشش ہے جو اس اقدام کی غیر قانونی ماہیت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کی پُرامن ایٹمی تنصیبات پر امریکہ اور صیہونی حکومت کی فوجی جارحیت کا ذکر کیا اور تہران سے ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ تعاون کے لئے گروپ سات کے مطالبے کو فریبکارانہ اور مداخلت پسندانہ قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ نے یک طرفہ طور پر ایٹمی معاہدے سے نکل کر اور ایران کی پُرامن ایٹمی تنصیبات پر فوجی جارحیت کرکے موجودہ صورت حال کے اسباب فراہم کئے اور یورپی ٹرائیکا نے بھی واشنگٹن کی پیروی کی اور اپنے عہد پر عمل نہ کرکے ایٹمی معاہدے کی کُھلی خلاف ورزی کی ہے۔

اسماعیل بقائی نے فلسطین کے بارے میں بھی گروپ سات کے موقف کو غیر ذمہ دارانہ اور اقوام کے حق خود ارادیت کی حمایت نیز نسل کشی کی مخالفت میں بین الاقوامی معاہدوں کے منافی قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ گروپ سات کے رکن ملکوں نے صیہونی حکومت کی حمایت کرکے اپنے انسانی حقوق کے دعووں کا اعتبار ختم کردیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان نے یوکرین جنگ میں ایران کے کردار کے بارے میں بھی گروپ کے دعوے کو مسترد کیا ہے۔

اسماعیل بقائی نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ جنگ کی مخالفت اور تنازعات کے سفارتی اور مذاکرات کے ذریعے حل پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کا اصولی موقف گروپ کے دعوے کو مسترد کردیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بے بنیاد الزام لگانے والوں کی چاہئے کہ دوسروں کو قصور وار قرار دینے کی کوشش کے بجائے، عالمی امن وسلامتی کے بارے میں اپنی غلط پالیسیوں پر نظر ثانی کریں۔

 

ٹیگس