ہندوستان: بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے زبردست کامیابی کی طرف گامزن، بی جے پی سب سے بڑی پارٹی
اطلاعات کے مطابق بہار اسمبلی انتخابات 2025 میں بی جے پی واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ این ڈی اے 243 میں سے اب تک تقریباً 200 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کے لیے تیار ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے اتحاد 200 کے ہندسے کے بالکل پاس پہنچنے کے بعد زبردست کامیابی کی طرف گامزن ہے۔ بہار میں اسمبلی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، این ڈی اے اتحاد کو اب تک 199 نشستوں پر کامیابی ملی ہے اور 4 نشستوں پر وہ آگے چل رہا تھا۔ اپوزیشن اتحاد مہاگٹھ بندھن کو بڑا دھچکا لگا ہے اور اس نے خبر لکھے جانے تک 31 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور 3 سیٹون پر اس کے امیدوار گنتی میں سبقت لئے ہوئے تھے۔
اس بار ریاست بہار میں سڑسٹھ اعشاریہ ایک تین فیصد کی ریکارڈ ووٹنگ کے ساتھ نتیش کمار اور تیجسوی یادو کے درمیان اصل مقابلہ تھا۔
الیکشن کمیشن کی ووٹر لسٹوں پر نظرثانی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے درمیان دو مرحلوں پر مشتمل بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی جیت، اگلے چھ ماہ کے اندر مغربی بنگال اور آسام میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر اور بھی اہم ہے۔
ووٹوں کی گنتی جاری ہے لیکن مجموعی تصویر این ڈے اے حق میں واضح ہو چکی ہے۔