Jul ۲۸, ۲۰۲۲ ۲۱:۳۳ Asia/Tehran
  • پرامن ایٹمی تحقیقات میں ایران کا ایک اور اہم قدم

ایران کے ادارۂ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ بہت جلد ایٹمی ریسرچ ری ایکٹر نصب کئے جانے کا کام شروع ہو جائے گا۔

ایران کے ادارۂ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے اصفہان کے یو سی ایف جوہری مرکز کے معائنے کے موقع پر کہا کہ ایران نے تحقیقاتی ری ایکٹروں پر سرمایہ کاری کرنا شروع کر دی ہے، بالخصوص ایسے ری ایکٹروں پر جو دوسرے مراکز کے لئے ایندھن کا ٹیسٹ انجام دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتوں کے دوران اصفہان ایٹمی مرکز میں ریسرچ ری ایکٹر کو نصب کرنے کا کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیزائین سے لیکر منصوبے کی تکمیل تک، یہ پراجیکٹ مکمل طور پر ایرانی ماہرین کے ہاتھوں تیار کیا گیا ہے۔ ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نے بتایا کہ یہ ری ایکٹر ایٹمی شعبے کی سپلائی چین اور بجلی کی پیداوار کو مکمل کردے گا۔

محمد اسلامی نے اس موقع پر ایران کی ایٹمی سرگرمیوں پر عائد الزامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ بیس سال سے اسلامی جمہوریہ ایران کو مسلسل ایسے الزامات کا سامنا رہا ہے تاہم اب تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے  نے بھی اعلان کر دیا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کا کوئی خفیہ پہلو نہیں ہے، لہذا ایران مخالف تمام بیان بازیاں بے بنیاد الزامات اور پروپیگینڈے کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں۔ 

ٹیگس