Aug ۰۸, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • عاشورا شمشیر پر خون کی فتح کا دن ، پورا ایران سوگوار و عزادار

عاشورا وہ دن ہے جب نواسہ رسول حضرت امام حسین (ع) نے میدان کربلا میں حق و باطل، علم و جہل، رضائے الٰہی اور خواہشات نفسانی کے درمیان حد فاصل قائم کرنے والی وہ عظیم و بے مثال قربانی پیش کی کہ محرم الحرام کی نسبت ہی امام عالی مقام سے ہوگئی۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں آج  پیر کے دن صبح سے ہی تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کا سلسلہ شروع ہوا۔

مساجد، امام باگارہوں اور دوسرے مقدس مقامات پر مجالس عزا منعقد ہو رہی ہیں جہاں علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈال رہے ہیں اور آپ کے فضائل و مصائب بیان کر رہے ہیں اور سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزادار نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر رہے ہیں۔

دنیا کے دوسرے ممالک سے بھی حضرت امام حسین علیہ السلام کے غم میں برپا ہونے والی مجالس اور جلوس ہائے عزا کی رپورٹیں موصول ہو رہی ہیں۔ عراق سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق عزاداران حضرت امام حسین (ع) اس وقت کربلائے معلی میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ اقدس کے پاس عزاداری کر رہے ہیں۔

یومِ عاشور جہاں امام عالی مقام اور ان کے عظیم رفقاء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے وہیں یہ دن ہمیں اس بات کا بھی احساس دلاتا ہے کہ ہم واقعہ کربلا کی اصل روح اور پیغام کو سمجھیں اور حضرت امام حسین (ع) کی جانب سے ایثار و قربانی کی لازوال مثال پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔

واضح رہے کہ آج ہی کے دن 10 محرم سنہ 61 ہجری قمری کو فرزند رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کو کربلا کے میدان میں ان کے اصحاب و انصار کے ساتھ شہید کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ آج عراق، پاکستان اور ہندوستان میں تاسوعای حسینی ہے۔

سحرعالمی نیٹ ورک اپنے تمام سامعین، ناظرین، قارئین اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور حریت پسندوں کو یوم عاشور کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتا ہے۔

 

ٹیگس