Aug ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • اسلامک سالیڈیریٹی مقابلے؛ مختلف کھیلوں میں ایران کو تمغے

اسلامک سالیڈیریٹی مقابلوں کا سلسلہ ترکی میں جاری ہے جہاں ایران کی لڑکیوں کی ٹیبل ٹینس ٹیم نے ترک کھلاڑیوں کو شکست دیکر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ جبکہ ٹیبل ٹینس، تائکوانڈو اور کشتی کے میدان میں ایرانی کھلاڑی خوب چمکے۔

ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں شیما صفائی اور ندا شہسواری نے ترک کھلاڑیوں کو اس حال میں شکست دی اور طلائی تمغہ جیتا کہ ہال ترک شائقین سے بھرا ہوا تھا اور ترکی کی کھلاڑیوں کی ہنگامہ خیز حمایت جاری تھی۔  

ٹیبل ٹینس میں ازبکستان اور مالدیپ کی ٹیم نے مشترکہ طور پر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 

دوسری جانب ایران کے تائیکوانڈو کے کھلاڑی علی احمدی نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ علی احمدی کے علاوہ تائیکواندو میں ایران نے مزید تین طلائی  تمغے حاصل کئے جبکہ مہران برخورداری نے برونز میڈل جیتا۔ 

اس سے قبل تائیکوانڈو میں ایران کی ٹیم دو سونے، دو چاندی اور تین کانسی کے تمغے جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ جمعے کے روز مزید چار کھلاڑی تائیکوانڈو میں اپنے حریفوں کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔   

اس سے قبل ایران کی فری اسٹائل کشتی کی ٹیم نے جمعرات اور جمعے کو پانچ گولڈ میڈل، دو سلور اور دو برونز میڈل حاصل کئے۔

یاد رہے کہ اسلامک سالیڈیریٹی کھیلوں کا پانچواں دور ترکی کے شہر قونیہ میں منگل کے روز شروع ہوا۔ چھپن ملکوں سے تعلق رکھنے والے چار ہزار سے زیادہ کھلاڑی ان کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ٹیگس