Aug ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • اسرائیلی الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں، ایرانی عہدیدار

ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کےبارے میں اسرائیلی الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔

بدھ کو کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی کا کہنا تھا کہ ایران کی تمام تر ایٹمی سرگرمیاں آئی اے ای اے کے قوانین کے مطابق اور اس عالمی ادارے کی نگرانی میں انجام پارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی پر کاربند ہے اور آئی اے ای اے بھی یہ دعوی نہیں کرسکتی ہے کہ تہران کی ایٹمی تنصیبات پراس کی نگرانی میں قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ 
محمد اسلامی نے کہا کہ ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں صیہونی حکومت کے دعوے اور الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں اور یہ سلسلہ بیس برس سے چلا آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی الزامات نفسیاتی جنگ اور صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ سوچ کا حصہ ہیں۔ 
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسرائیل ایک دہشت گرد حکومت ہے اور اس کے پاس ایٹمی ہتھیار بھی موجود ہیں، لہذا اسے ایران پر الزام تراشی کا حق نہیں ہے ۔ 

ٹیگس