Aug ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • صدر ایران اور کابینہ سے رہبر انقلاب کا خطاب، حکومت کی شب و روز کی جد و جہد کو سراہا

رہبر انقلاب اسلامی نے آج صدر ایران سید ابراہیم رئیسی اور انکی کابینہ کے اراکین سے اپنے خطاب میں عوام میں امید و اعتماد کی بحالی کا سبب بننے والے حکومتی اقدامات کی قدردانی کی۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منگل کو صدر مملکت اور ان کی کابینہ کے اراکین سے خطاب میں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی اور انقلاب کے بعد کے حالات و واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف واقعات اور میدانوں میں عوام کی بے دریغ ، بھرپور اور حیرت انگیز موجودگی کو ایسے تاریخی اور یادگار واقعات سے تعبیر کیا کہ جسے سماج میں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

آپ نے عوام میں امید و اعتماد کی بحالی کو حکومت کی اہم ترین کامیابی قرار دیا اور تمام شعبوں میں اس عمل کو انتہا تک پہنچائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اسی طرح اندرون ملک موجود قومی توانائیوں کو اہمیت دیئے جانے کو حکومت کی ایک اور کامیابی قرار دیا۔ اسی طرح آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے عوام سے براہ راست اور قریبی تعلقات رکھنے اور عوامی مشکلات کو جاننے کے لئے ہر ہفتے انجام پانے والے صدر کے صوبائی سفر کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے ان اقدامات کی قدردانی کی۔

رہبر انقلاب نے اسی طرح مختلف شعبوں میں حکومت کی کارکردگی، احساس ذمہ داری اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی ایک خاص بات یہ رہی کہ اس کی جانب سے گزشتہ ایک برس کے دوران کبھی یہ نہیں سنا گیا ہم فلاں کام نہیں کر سکتے یا ہمیں کام نہیں کرنے دیا جا رہا اور پوری تن دہی کے ساتھ حکومت نے اپنے فرائض کو انجام دینے کی کوشش کی۔

آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے تمام شعبوں میں حکومتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ٹیگس