Sep ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
  • ایٹمی مذاکرات کا مقصد ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کو ختم کرانا ہے، وزارت خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ تہران کے خلاف تمام غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کا خاتمہ کرانا ہی ایٹمی مذاکرات کا اصل مقصد ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کے روز اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے بارے میں ایٹمی مذاکرات کی تازہ ترین صورت حال پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ایٹمی معاہدے اور پابندیوں کا خاتمہ کرانے کے لئے مذاکرات سے متعلق اپنے فرائض پر عمل اور ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپی کوآرڈینیٹر کو اپنے نظریات پیش کئے اور اس سلسلے میں مقابل فریق خاصطور سے امریکہ کے جواب کا انتظار ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ایران کی وزارت خارجہ کا اہم ترین مقصد ضمانت کا حصول ہے اس لئے کہ بغیر ضمانت کے حصول کے کوئی بھی سمجھوتہ پائیدار نہیں ہو سکتا ہے اور اس کی کبھی بھی خلاف ورزی ہوسکتی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عراق کے تازہ ترین حالات کے بارے میں بھی کہا کہ عراق کے حالات ایران کے لئے خاص اہمیت رکھتے ہیں اور ایران نے ہمیشہ تمام عراقی جماعتوں اور گروہوں کو مذاکرات کی دعوت دی ہے تاکہ عراق کے سیاسی مستقبل کے بارے میں عراقی گروہوں کی مفاہمت سے ہی کوئی فیصلہ ہو سکے۔
انھوں نے شام میں ایرانی فوجیوں پر حملے کے بارے میں غاصب صیہونی حکومت کے دعوے کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے تمام اقدامات غیر قانونی و ناجائز ہیں اور اسرائیل کا یہ دعوی تو بالکل ہی غلط ہے کہ اس نے ایرانی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے ۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت، امریکہ کی حمایت سے شام کی بنیادی تنصیبات کو جارحیت کا نشانہ بناتی ہے اور یہ کہ شام میں ایران کی موجودگی حکومت شام کی درخواست پر اور شامی فوج کو فوجی مشاورت فراہم کرنے کے لئے ہے اور جب تک شام کی حکومت ایران سے مدد کی درخواست کرتی رہے گی ایران شامی حکومت اور فوج کو  مشاورت فراہم کرنے سے ہرگز دریغ نہیں کرے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے توانائی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ایران سے مغرب کی درخواست کے بارے میں کہا کہ ایران تیل و گیس‎ کا حامل ایک بڑا اور اہم ملک ہے اور وہ اپنے خلاف غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کے باوجود توانائی کی منڈیوں میں اپنی فعال اور بھرپور موجودگی جاری رکھے ہوئے ہے اور اس نے اپنی اس موجودگی کا تحفظ کیا ہے اور ایران کے شریک ملکوں کے ساتھ تیل کے معاملات کا سلسلہ بھی مسلسل جاری ہے۔ 

ٹیگس