ایٹمی ترک اسلحہ کو لازم الاجرا بنانے کی ضرورت ہے، ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے ایٹمی تجربات پرپابندی کے معاہدے سی ٹی بی ٹی کو لازم لازم الاجرا قانون میں تبدیل کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سی ٹی بی ٹی معاہدے کی سالگرہ کے موقع پر ایک عالمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں ایران کی سفیراور ڈپٹی چیف ڈیلیگیٹ محترمہ زہرا ارشادی نے ایٹمی تجربات پر پابندی کے وعدے ، ایٹمی ترک اسلحہ کا متبادل نہیں ہیں اور انہیں لازم الاجرا قانون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی بی ٹی معاہدے پر دستخط کو چھبیس سال گزر چکے ہیں لیکن اس کےباوجود دنیا آج بھی ایٹمی تجربات بند ہونے کا انتظار کر رہی ہے۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ بلاشبہ اس حوالے سے اصل ذمہ داری ایٹمی ممالک پر عائد ہوتی ہے۔اقوام متحدہ میں متعین ایران کی سینیئر سفارت کار نے واضح کیا کہ ایران بھی دیگر غیر ایٹمی ملکوں کی طرح ، ایٹمی تجربات کے خاتمے میں ہونے والی تاخیر اور بہانے بازیوں سے خوش نہیں ہے ۔ اسی وجہ سے ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی پر نظرثانی کی کانفرنس بھی اب تک ناکام رہی ہے۔
زہرا ارشادی نے کہا کہ، اگر ایٹمی تجربات کو روکنے کے عالمی مطالبات پرعمل کیا گیا ہوتا تو دنیا میں نئے ایٹمی ہتھیاروں کے خطرات پیدا نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک تقریبا دوہزار بار ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات انجام پاچکے ہیں اور ان میں آدھے تجربات صرف ایک ملک، امریکہ نے کیے ہیں۔
اقوام متحدہ میں ایران کی سفیر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا کے ایٹمی ممالک نے ، ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات اور ان کےتباہ کن اثرات سے کوئی عبرت حاصل نہیں کی ہے۔ زہرا رشادی نے مزید کہا کہ ایران سمجھتا ہے کہ این پی ٹی معاہدے کی شق نمبر چھے اورایٹمی ترک اسلحہ پر فی الفور عملدرآمد کرکے، دنیا کو حقیقی معنوں میں ایٹمی جنگ کے خطرات سے بچایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایٹمی ترک اسلحہ کے تعلق سے ایٹمی ملکوں کو اپنے وعدوں پر عمل درآمد اور جواب دھی کا پابند بنانے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ میں ایران کی سفیر نے یہ بات بھی زور دے کر کہی کہ اسرائیل کے عام تباہی پھیلانے والی ہتھیاروں کی وجہ سے بدامنی اورعدم استحکام کا احساس کرنے والے مشرق وسطی کے خطے کو بھی ایٹمی ہتھیاروں سے پاک بنانے کا عمل تیز کیا جانا چاہیے۔
اقوام متحدہ میں ایران کی ڈپٹی چیف ڈیلی گیٹ اور سفیر زہرا ارشادی نے دنیا بھر کے ملکوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ایٹمی خطرات سے پاک کرنے کے لیے کسی موقع کو ضائع نہ کریں ۔