Sep ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۷:۱۴ Asia/Tehran
  • بلؤوں میں کوملہ اور داعش کے عناصر کی گرفتاری

ایران میں حالیہ بلوؤں کے دوران داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے عناصر کی شمولیت کے واضح ثبوت سامنے آگئے ہیں اس درمیان صوبے مازندران کے اعلی صوبائی عہدیدار نے بھی کہا ہے کہ صوبے مازندران کے حالیہ بلؤوں کے دوران دہشت گرد گروہ کوملہ اور داعش کے کئی عناصر گرفتار کر لئے گئے ہیں۔

ایران کے صوبے مازندران کے صدر مقام ساری کے پبلک پراسیکیوٹر سید محمد کریمی نے ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو میں مازندران کے حالیہ بلؤوں کے دوران کوملہ اور داعش کے کئی عناصر کو گرفتار کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ان عناصر کی شناخت کر کے انھیں گرفتار کرلیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ دشمن نے عام شہریوں کو قتل اور ان کا خون بہانے کا منصوبہ تیار کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ جولوگ بلوؤں کی کال دیتے ہیں وہ عام شہریوں کا قتل کرتے ہیں اور پھر قتل کی ان وارداتوں کا الزام حکومت پر عائد کرنے کی کوشش اور پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔
ساری کے پبلک پراسیکیوٹر سید محمد کریمی نے صوبے مازندران میں ججوں کی نگرانی میں خصوصی عدالتوں کے قیام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار تحقیقات کا عمل جاری ہے اور کچھ شر پسند عناصر جو بلوائیوں کی سرپرستی اور ان کو وسائل بھی فراہم کرتے دیکھے گئے ہیں، زیر حراست ہیں جن سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ تحقیقات کا عمل تیزی سے پورا کر کے مجرموں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔
اس درمیان ایران کے مختلف علاقوں میں فتنہ و بحران اور بدامنی پیدا کرنے کے لئے ڈیموکریٹ اور کوملہ دہشت گرد عناصر کی دراندازی اور ان عناصر کے ہاتھوں ایران کے اندر ہتھیاروں کی سپلائی کے ٹھوس ثبوت و شواہد ملنے اور کوملہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد ایران کی سپاہ پاسداران نے عراقی کردستان میں کوملہ نامی دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ 
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری یونٹ نے، کہا ہے کہ عراقی کردستان کے علاقے میں عالمی سامراج سے وابستہ دہشت گردوں اور ایران مخالف گروہوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے حمزہ سید الشہداء (ع) فورس نے اپنے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
عراق کے شمالی علاقے میں واقع دہشت گرد گروہوں کے ہیڈ کوارٹر کو حمزہ سید الشہداء کے اڈے سے توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا۔
ارومیہ سے فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، سپا ہ پاسداران کی برّی فورس کے توپ خانے سے دہشت گرد گروہوں کے کئی اڈوں پر حملہ کیا گیا۔
ایک باخبر فوجی ذریعے نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ انقلاب دشمن عناصر اور ان کے سرپرستوں کی طرف سے ایران میں بلوے کرانے اورتربیت یافتہ غنڈوں اور بلوائیوں کے تخریبی اقدامات کے جواب میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ شمال مغربی سرحدوں کی دوسری جانب دہشت گرد گروہوں کے متعدد ہیڈکوارٹروں کو جوشیلے اور چاق و چوبند دستوں اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جیالوں نے توپ خانے سے نشانہ بنایا۔
اس باخبر ذریعے نے بتایا ہے کہ  سپاہ کے یہ حملے جاری رہیں گے۔
گزشتہ چند روزکے دوران دہشت گرد گروہوں نے ایران کے اندر عوامی احتجاج کا سہارا لے کر شمال مغرب کے سرحدی شہروں میں اشتعال انگیزیاں اور دہشت گردی پھیلانے کی کوششیں کی تھیں۔
سپاہ پاسداران کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدوں کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے اور دہشت گردوں اور جارح عناصر کے خلاف تادیبی اقدامات اور اسی طرح عراقی کردستان کے حکام کو بین الاقوامی قوانین کے تحت ان کے فرائض کی طرف توجہ دلانے کی غرض سے عراقی کردستان کے اس علاقے میں ایران کی جانب سے اس قسم کی کارروائی جاری رہے گی۔
ایران کی سپاہ پاسداران کی بری یونٹ نے عراقی کردستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران مخالف اور دہشت گرد عناصر کے اڈوں سے دور رہیں۔

ٹیگس