Sep ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۲ Asia/Tehran
  • مقدسات کی توہین کرنے والوں کے خلاف  پورا ایران اٹھ کھڑا ہوا

ایران کے بعض شہروں میں حالیہ بلوؤں اور فسادات کے خلاف دارالحکومت تہران اور قم میں بڑی تعداد میں لوگوں نے اجتماعات کرکے مغربی حمایت یافتہ اسلام مخالف عناصر کی جانب سے قرآن مجید کی اہانت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔

رحلت نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور شہادت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے موقع پر ایران کے شہر قم میں عزاداری کے دستے نکالے گئے اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری رہا۔ جلوسہائے عزا، روضہ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا سے رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر کی جانب روانہ ہوئے اس دوران عزاداروں نے گذشتہ دنوں بلوائیوں اور ہنگامہ آرائی اور مقدسات کی توہیں کرنے والوں کے اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی اور ملکی حکام سے ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے جانے کا مطالبہ کیا۔

دارالحکومت تہران کے انقلاب اسکوائر میں امت حزب اللہ کا آج بلوائیوں کے خلاف بہت بڑا اور عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا جس میں دسیوں ہزارلوگوں نے شرکت کرکے انقلاب کے اصولوں اور مقدسات کی حفاظت پر زور دیا اور امریکہ، اسرائیل، بلوائیوں اور منافقین کے خلاف اور اسی طرح اسلامی انقلاب اور رہبر انقلاب اسلامی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

امت رسول اللہ کے نام سے منعقد ہونے والے ایک بہت بڑے اجتماع میں ایران کے شمال مشرقی شہر بیرجند میں دسیوں ہزار لوگوں نے بلوائیوں کے تخریبی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے عدلیہ اور دیگر اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شرپسندوں اورمقدسات کی اہانت کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹے ۔

اجتماع میں شریک لوگوں نے رسول اسلام ص اور حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم رحلت و شہادت پر نوحہ خوانی و سینہ زنی کرتے ہوئے اسلامی اقدار اور انقلاب کے اصولوں سے اپنی مکمل وفاداری کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ خون کے آخری قطرے تک ولایت فقیہ اور اسلامی انقلاب کا دفاع کرتے رہیں گے۔ 

ایران کے دیگر شہروں میں بھی بلوائیوں اور ان کے سرپرستوں خا ص طور پر امریکا، اسرائیل اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے۔

ٹیگس