Sep ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کا تبادلہ

 ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان پیغامات کا تبادلہ رابطہ کاروں اور دیگر ممالک کے متعدد وزرائے خارجہ کے ذریعے ہو رہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے نیویارک میں شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ تہران اپنے منطقی نقطہ نظر کی بنیاد پر سفارت کاری کے راستے پر گامزن ہے اور ایک پائیدار معاہدے تک پہنچنے پر زور دیتا ہے جو اقتصادی مفادات تک رسائی کی ضمانت فراہم کرے۔

حسین امیرعبداللہیان نے شام کے اندرونی معاملات میں مداخلت اورمغربی ایشیا کے علاقے کو غیر مستحکم کرنے والے رویے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں ایران اور شام کے درمیان دہشت گردی اور انتہا پسندی سے مقابلے کے شعبے میں تعاون نیز آستانہ امن عمل کے مذاکرات نے شام میں استحکام اور امن و امان کی برقراری میں تیزی پیدا کی ہے۔

اس ملاقات میں شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے خطے میں امن و سلامتی کے قیام اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے ایران کے فعال  کردار اورموقف کو سراہا۔

 فیصل مقداد نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تہران اور دمشق کے درمیان تعاون کو بہتر انداز میں جاری رکھنے پر بھی تاکید کی۔

ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کے وزراء خارجہ نے دوطرفہ اور بین الاقوامی مسائل اور تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کی طرف سے ایران اور شام پر عائد یکطرفہ جبر کے اقدامات کے منفی اثرات کے تناظر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تعلقات اسٹریٹجک، ٹھوس اور دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہیں۔

ٹیگس