Sep ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران کے مفادات پر آنچ آئی تو امریکہ کو فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: جنرل باقری

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکیوں نے ایران کے ڈرون طیاروں پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو اسلامی جمہوریہ ایران کا جواب فیصلہ کن ہوگا۔

عراق کے کردستان علاقے میں ایران کے ایک ڈرون طیارے کو مار گرانے کے امریکی دعوے پر ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ اگر امریکیوں نے ایسی کوئی حرکت کی تو انہیں انتقامی کارروائی کا انتظار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو جوابی اقدام کا پورا حق حاصل ہے۔

جنرل محمد باقری نے زور دیکر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کو عراق کے حریر، اربیل اور دہوک علاقوں میں امریکی چھاؤنیوں کے بارے میں دقیق اور مکمل معلومات حاصل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایران صرف علیحدگی پسند دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی کر رہا ہے اور اس وقت امریکی اس کے نشانے پر نہیں ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ایران کے ڈرون طیارے کو مار گرانے کا امریکی دعوی اس بات کو ثابت کردیتا ہے کہ واشنگٹن دہشت گردوں اور علیحدگی پسند گروہوں سے ملا ہوا ہے اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کررہا ہے ۔ انہوں نے امریکی اور صیہونی مراکز کی میزبانی کرنے والے ہمسایہ ممالک کو بھی خبردار کیا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی اور مفادات پران مراکز کی جانب سے کوئی بھی اقدام کیا گیا تو اس کا ٹھوس اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کو جوابی کارروائی کا مکمل حق حاصل ہے جسے بروقت استعمال کیا جائے گا۔

ٹیگس