Oct ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۰۲ Asia/Tehran
  • زاہدان میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پرکنٹرول میں ہے، کمشنر زاہدان

ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے صدر مقام زاہدان کے کمشنر نے کہا ہے کہ شہر میں مکمل امن و سکون ہے اور حالات پوری طرح سے قابو میں ہیں ان کا کہنا تھا سیکورٹی اداروں نے امن و امان پوری طرح بحال کردیا ہے۔ اس درمیان زاہدان شہر کے اہل سنت کے امام جمعہ مولو ی عبدالحمید نے ان دہشت گردانہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ دشمنوں کی باتوں میں نہ آئیں

ایران کے اسلامی نظام کے دشمنوں کے ایک گروپ نے جمعے کو زاہدان کی مکی مسجد کے قریب اجتماع اور فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجےمیں صوبے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے انیٹلی جینس چیف سید علی موسوی شہید ہوگئے تھے۔ 
مسلح شرپسندوں اور اسلامی نظام کے دشمنوں نے زاہدان شہر کے تین مختلف تھانوں پر حملہ کرکے عام لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی ۔
رپورٹ کے مطابق ، شہر کے بعض علاقوں میں بلوائیوں نے ٹائرجلائے ،کچرے کے ڈبوں میں آگ لگائی اور روٹی کی ایک دوکان لوٹ لی۔ 
شرپسندوں اور دہشت گردوں نے ایک فائرانجن، ایمرجنسی میڈیکل سینٹر اور بعض دوسرے مقامات کو بھی آگ لگادی تاہم سیکورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر میں فسادات پھیلانے کی کوشش ناکام بنادی۔ 
زاہدان کے کمشنر ابوذر مہدی نخعی نے قومی ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہر میں اہلسنت کی نماز جمعہ کے بعد بعض جانے پہچانے اور اغیار سے وابستہ عناصر نے شہر کے سولہویں تھانے پر حملہ کردیا۔ شر پسندوں نے پہلے پتھراؤ کیا اور پھر مجمع میں موجود کچھ عناصر نے فائرنگ کی اور تھانے پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ 
زاہدان کے کمشنر کا کہنا تھا اس کے فورا بعد بعض افراد شہر کا نظم نسق خراب کرنے کی غرض سے مختلف مقامات اور خاص طور سے شہر کےنواحی علاقوں میں پھیل گئے اور انہوں نے سرکاری املاک، بینکوں، فائربریگیڈ کی گاڑی اور عام لوگوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی اور پولیس کے اداروں نیز عوام کی ہوشیاری کے نتیجے میں، شرپسندوں کو اپنے مقاصد میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑ ا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان پوری طرح بحال کردیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب صوبہ سیستان و بلوچستان کے پولیس چیف جنرل طاہری نے بتایا ہے کہ بلوؤں اور فسادات پھیلانے میں ملوث بعض شرپسند عناصر کی شناخت اور انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 
جنرل طاہری کہا کہ جمعے کے روز پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور اس میں ملوث دیگر عناصر کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ 
زاہدان کی مکی مسجد کے اہلسنت امام جمعہ و جماعت، مولوی عبدالحمید اسماعیل زھی نے صوبہ سیستان و بلوچستان اور خاص طور سے زاہدان شہر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دشمن کی پھیلائی ہوئی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے حالات پر قابو پانے میں متعلقہ اداروں کی مدد کریں۔ 
مولوی عبدالحمید اسما‏عیل زہی نے اپنے ٹی وی انٹرویو میں یہ بات زور دے کر کہی کہ یہ ایک تلخ واقعہ ہے اور اس کی تحقیقات ہونا چاہیے تاکہ پتہ چل سکے کہ اس میں کون سے ہاتھ ملوث ہیں۔
زاہدان کی مکی مسجد کے اہلسنت امام جمعہ کا کہنا تھا کہ معاشرے کو امن و سکون کی ضرورت ہے اور عوام کو ہر طرح کے اشتعال انگیز اقدام سے دور رہنا چاہیے۔ 

ٹیگس