Oct ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۸:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران کو الگ تھلگ کرنے کی سازش ناکام ہوگئی۔ صدر رئیسی

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے حالیہ ہنگاموں کو ملک دشمن عناصر کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو تنہا کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ دشمن کی نئی سازش کا مقصد ملک کو ترقی و پیشرفت کے راستے سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ایران اقتصادی مشکلات سے باہر نکلتے ہوئے خطے میں اپنا کردار بڑھانے میں مصروف تھا، دشمن اس ملک کو تنہا کرنے پر کمر بستہ ہوگیا مگر یہ سازش بھی ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے ایران کے خلاف مغربی ملکوں کی میڈیا وار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن بھر پور میڈیا کمپین کے ذریعے رائے عامہ کو منحرف کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مہساامینی کی موت کا مکمل اور پوری گہرائی کے ساتھ جائزہ لیا جارہا ہے اور تمام اعلی عہدیدار اس بات پر زور دے رہے ہیں۔

سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک اور ان کے ذرائع ابلاغ ایسے وقت میں ایران کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلا رہے ہیں جب افغان لڑکیوں کی ایک تعداد کو اسکول کے اندر امریکہ کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ کے ہاتھوں شہید کردیا گیا لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔

صدر ایران نے واضح کیا کہ ایسی صورتحال میں مغربی ملکوں کی جانب سے انسانی حقوق یا حقوق نسواں کے دفاع کے دعوے کیسے قبول کیے جاسکتے ہیں؟

واضح رہے کہ پچھلے چند روز سے انقلاب مخالفین اور دشمن میڈیا کی اشتعال دلانے والی مہم سے متاثر بلوائی اور شر پسند عناصر، مہسا امینی کی موت کے بہانے ، ایران کے مختلف شہروں میں ہنگاموں اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ کاروں، موٹر سائیکلوں اور بینکوں کو آگ لگاکے اور سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کرکے بلوائیوں نے معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی جسے پولیس نے عوام کے تعاون سے ناکام بنادیا ہے۔

تازہ ہنگاموں پر سوشل میڈیا کے اثرات کا جائزہ لینے سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ بیرون ملک سے چلانے والے بعض سوشل میڈیا نیٹ ورک ایران میں بلووں کو ہوا دینے اور انہیں پرتشدد بنانے میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ایران کے ارکان پارلیمنٹ نے مشترکہ بیان جاری کرکے بلوائیوں کے خلاف پولیس کے اقدامات کی حمایت کی اور کہا کہ بلوائیوں کو مظاہرین کے زمرے میں نہیں رکھا جاسکتا ۔ قبل ازیں جب پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہوا تو ارکان نے ایوان میں مردہ باد منافق، مردہ باد اسرائیل اور پولیس والوں کی حمایت میں نعرے لگائے اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

ٹیگس