ایران میں آنے والے شدید زلزلے کی تازہ ترین صورتحال
ایران میں آنے والے 5 اعشاریہ 4 شدت کے زلزلے میں اب تک 528 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایران کے صوبے مغربی آذربائیجان کے شمالی شہر خوی اور اس کے اطراف کے 7 دیہی علاقوں میں آج علی الصبح 3 بجکر 51 منٹ پر ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ 4 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے ساتھ زلزلے کے 27 مزید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے باعث اب تک 528 افراد زخمی ہوئے۔ زلزلہ کی گہرائی زمیں میں دس کلومیٹر تھی۔
ایمرجنسی سینٹر کے ترجمان مجتبی خالدی کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لوگ زلزلے کے خوف سے گھروں سے باہر فرار کرنے کی وجہ سے زخمی ہوئے اور وہ معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم زیادہ زخمی ہونے والے 130 افراد کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے اور آفٹر شاکس کی وجہ سے 500 مکانوں کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے 50 فیصد مکانات کو 10 سے 20 فیصد جبکہ 50 فیصد مکانات کو مکمل طور پر شدید نقصان پہنچا۔
زلزلے کی خبر کے فورا بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے امداد رسانی کا کام شروع کر دیا۔