ایران یوکرین میں جنگ کے خلاف ہے، امیر عبداللہیان
ایران کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ ایران یوکرین میں جنگ کے خلاف ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے تہران میں بیلا روس کے وزیر خارجہ ملادیمیر مالک کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں روس کی جانب سے جنگ یوکرین میں ایرانی ڈرون طیارے استعمال کئے جانے کے بارے میں یوکرینی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یوکرینی حکام کے پاس اپنے دعوے کے بارے میں کوئی ثـبوت ہے تو وہ پیش کریں۔
انھوں نے اسی طرح ایران کے خلاف پابندیوں سے متعلق یورپی یونین کے غیر تعمیری اقدام کا ذکر کرتے ہوئے یورپ کے بارہ اداروں اور آٹھ شخصیات کے خلاف ایران کی جانب سے پابندی عائد کئے جانے کا اعلان کیا۔
حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ یہ شخصیات ایران کے حالیہ واقعات میں بلوائیوں اور شرپسندانہ اقدامات نیز قتل و تشدد کی حمایت کرتی رہی ہیں۔ انھوں نے اسی طرح بیلا روس کے صدر کے آئندہ دورہ ایران کا ذکر کیا اور کہا کہ اس دورے میں تعاون کی کئی دستاویزات پر دستخط کئے جائیں گے۔
اس مشترکہ پریس کانفرنس میں بیلاروس کے وزیر خارجہ نے بھی ایران اور بیلا روس کے درمیان مشترکہ تجارتی و اقتصادی تعاون کو اپنے دورہ ایران کا مقصد قرار دیا اور کہا کہ بیلا روس، ایران کے خلاف یکطرفہ اور غیر قانونی پابندیوں کے خلاف ہے۔ انھوں نے کہا کہ مختلف ملکوں کے خلاف ایک دہشت گردانہ اقتصادی جنگ شروع کی گئی ہے۔