Oct ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۶ Asia/Tehran
  • سانحہ حرم شاہ چراغ پر رہبرانقلاب اسلامی کا پیغام

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ حضرت احمد شاہ چراغ کے حرم میں شقاوت آمیز جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو ہرحال میں سزا دی جائے گی۔

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں سانحہ حرم حضرت شاہ چراغ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ جس میں دسیوں زائرین، خدام اور مجاورین شہید اور زخمی ہوئے ہیں فرمایا کہ اس اندوہناک جرم کا ارتکاب کرنے والے یا کرنے والوں کو ہرحال میں سزا دی جائے گی.

آپ نے فرمایا کہ اس واقعے میں شہید ہونے والے عزیزوں کا داغ اور حرم اہل بیت کی بے حرمتی کا صدمہ اسی وقت مندمل ہوگا جب اس واقعے کو انجام دینے والوں کا پتہ لگا کر انہیں سخت سے سخت سزادی جائے گی ۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آگ کے شعلے بھڑکانے والے دشمن اور ان کے ہمراہ غدار و فریب خوردہ اور جاہل عناصر کے مقابلے میں ہم سب کی ذمہ داری ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں، عدلیہ اور علما اور عوام سب کو متحد ہو کر، ان تمام عناصر اور گروہوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے جو عوام کی جان و مال اور ان کی سیکورٹی کو نقصان اور مقدسات کی توہین کررہے ہیں۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کے عوام یقینی طور پر دشمنوں کی اس طرح کی خباثت آمیز شازشوں پر غلبہ پائیں گے، آپ نے اس حادثے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ، شیراز کے باشندوں اور پوری ایرانی قوم کو تعزیت پیش کی۔ 

ٹیگس